لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس)پاکستان اور سری لنکا کے مابین اکتوبر میں کھیلی جانیوالی کرکٹ سیریز بڑی اہمیت اختیار کر گئی ہے۔ دونوں بورڈز کے اعلی حکام کچھ دو کچھ لو کی بنیاد پر بات چیت کر رہے ہیں۔سری لنکا شیڈول سیریز میں ایک ٹیسٹ میچ کی کمی کا خواہشمند ہے اور پاکستان کرکٹ بورڈ نے اس کے بدلے مختصر وقت کیلئے دورہ پاکستان کی شرط رکھ دی ہے۔ موجودہ صورتحال کو دیکھتے ہوئے رواں سال سری لنکا کے مختصر دورہ پاکستان کی امیدیں ختم نہیں ہوئیں بلکہ دونوں بورڈز اس معاملے پر مسلسل رابطے میں ہیں اور مختلف آپشنز زیر غور ہیں۔ ذرائع کیمطابق سری لنکن حکام نے پی سی بی حکام کو ایک شیڈول تین ٹیسٹ میچز میں کمی کی درخواست کی ہے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے ٹیسٹ میچ میں کمی کی صورت میں شیڈول دو ٹونٹی ٹونٹی میچ پاکستان آ کر کھیلنے کی دعوت دی ہے۔ اگر سری لنکا دو ٹونٹی ٹونٹی میچ کھیلنے کیلئے پاکستان آ جاتا ہے تو پاکستان کرکٹ بورڈ تین کے بجائے دو ٹیسٹ میچ کھیل کر سری لنکا سے تعاون کر سکتا ہے۔ اگر سری لنکن حکام مختصر دورے کیلئے پاکستان آ کر کھیلنے پر رضا مندی ظاہر نہیں کرتے تو پھر پی سی بی کیطرف سے شیڈول سیریز میں کوئی تبدیلی نہیں کی جائیگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکا کو مکمل سکیورٹی کی یقین دہانی بھی کروا دی ہے۔ سری لنکن حکام اگر پاکستان میں کھیلنے پر رضامند ہوتے ہیں تو سیریز کے دونوں 20،20 میچز لاہور میں کھیلے جائیں گے۔ سری لنکن حکام نے پیشکش کا کوئی جواب نہیں دیا۔