سی پیک مکمل کرنے سے متعلق آرمی چیف کا عزم لائق تحسین ہے: لاہور چیمبر

Jul 14, 2017

لاہور (کامرس رپورٹر) لاہور چیمبر کے صدر عبدالباسط، سینئر نائب صدر امجد علی جاوا اور نائب صدر محمد ناصر حمید خان نے چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر باجوہ کی جانب سے چین پاکستان اکنامک کاریڈور کو مکمل اور کامیاب کرنے کے عزم کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت اور مسلح افواج کی جانب سے اس اہم منصوبے میں غیرمعمولی دلچسپی لینا خوش آئند اور ملک کی ترقی و خوشحالی کا پیش خیمہ ہے۔ ایک بیان میں لاہور چیمبر کے عہدیداروں نے کہا کہ چین پاکستان اکنامک کاریڈور کی ہر قیمت پر تکمیل اور کامیابی کے عزم کا اظہار کرکے حکومت اور مسلح افواج نے پاکستان دشمن عناصر پر یہ ظاہر کردیا ہے کہ اس منصوبے کے خلاف کوئی بھی سازش برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت اور افواجِ پاکستان کی کاوشوں سے چین پاکستان اکنامک کاریڈور جلد از جلد مکمل ہوگا جس سے نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔

لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے عہدیداروں نے کہا کہ توانائی، انفراسٹرکچر، گوادر اور سپیشل اکنامک زونز میں چین کی سرمایہ کاری سے پاکستان ایک بڑی معاشی قوت بن کر ابھرے گا جبکہ پاکستان اور چین کے درمیان عوامی، دفاعی اور کاروباری سطح پر دوستانہ تعلقات مزید استحکام اختیار کریں گے۔

مزیدخبریں