ماسکو(اے پی پی)فٹ بال کی تاریخ میں تیسری مرتبہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پہنچنے والی فرانس کی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز کھلاڑی ہیوگو للورس نے کہا ہے کہ دوسری مرتبہ عالمی کپ فٹ بال ٹورنامنٹ جیتنے کے لئے سر دھڑ کی بازی لگا دینگے، ہیوگو للورس نے کہا کہ میگا ایونٹ کا ٹائٹل جیت کر ملک و قوم کو تحفہ دینگے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور انکی ٹیم میگا ایونٹ کے فائنل کوالیفائی کرنے پر بہت خوش ہیں، انہوں نے کہا کہ کروشیا کو شکست دیکر ٹائٹل اپنے نام کرینگے۔ فائنل میچ کے لئے پریکٹس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ہیوگو للورس نے کہا کہ بیلجیئم کے خلاف کامیابی ٹیم کی اجتماعی کوششوں کا نتیجہ تھی۔ انہوں نے کہا کہ وہ اپنی ٹیم کی کارکردگی پر مطمئن ہیں تاہم انہوں نے اپنی ٹیم کو خبردار کیا ہے کہ میگا ایونٹ کے فائنل میں پوری ٹیم کو اپنی کارکردگی کا مزید بہتر بناکر کامیابی کے لئے سر دھڑ کی بازی لگانا ہوگی۔ واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا فائنل میچ فرانس اور کروشیا کی ٹیموں کے درمیان (کل) اتوار کو کھیلا جائیگا۔ ادھر کروشیا کی فٹ بال ٹیم کے کپتان اور مایہ ناز میڈفیلڈر کھلاڑی لوکا موڈریک نے کہا ہے کہ وہ اور انکی ٹیم بھرپور فارم میں ہیں اور فرانس کے خلاف فائنل میچ کے لئے میدان میں اترنے کو بے تاب ہیں۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کو شکست دیکر فٹ بال کی تاریخ میں پہلی مرتبہ چیمپئن ہونے کا اعزاز حاصل کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ فرانس کی ٹیم ایک مرتبہ عالمی کپ جیت چکی ہے تاہم اس سے ٹیم پر کوئی اثر نہیں پڑتا، انہوں نے کہا کہ انکی متحد ہے، انہوں نے کہا کہ فرانس کی ٹیم کے خلاف بھی عمدہ کھیل پیش کرتے ہوئے کامیابی حاصل کرینگے۔
کروشیا کو شکست دیکر دوسری مرتبہ عالمی کپ جیت کر و قوم کو تحفہ دینگے ، ہیوگو للورس
Jul 14, 2018