پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس‘ آپریشنل تیاریوں کا جائزہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر)پاک بحریہ کی کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس نیول ہیڈ کوارٹرز اسلام آباد میں اختتام پذیر ہوگئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے کانفرنس کی صدارت کی۔ کانفرنس کے دوران پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں، ترقیاتی منصوبوں، سیکیورٹی کی موجودہ صورتحال اور پاک بحریہ کے افسروں اور جوانوں کی پیشہ ورانہ تربیت اور فلاح و بہبود سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔ چیف آف دی نیول اسٹاف کو اس موقع پر پاک بحریہ کے جاری اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔سیکیورٹی کی موجودہ مجموعی صورتحال پر اظہار خیال کرتے ہوئے چیف آف دی نیول اسٹاف نے پاک بحریہ کی آپریشنل تیاریوں پر اپنے بھرپور اعتماد کا اظہار کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ حال ہی میں بحر ہند میں پاک بحریہ کے ریجنل میری ٹائم سیکیورٹی پٹرول کے قیام سے حساس سمندری علاقوںاور تنگ راستوں پر بحری دہشت گردی ، بحری قذاقی، منشیات ، اسلحے اور انسانی اسمگلنگ جیسے خطرات سے قومی اور بین الاقوامی جہاز رانی کو تحفظ فراہم کرنے میں مدد ملے گی۔ کمانڈ اینڈ اسٹاف کانفرنس پاک بحریہ کی اعلیٰ ترین فیصلہ ساز فورم ہے جس میں تمام چیفس آف اسٹاف، پرنسپل اسٹاف افسران اور فیلڈ کمانڈرز پاک بحریہ کی پالیسیوں اور منصوبوں کا دفاعی زاویے سے جائزہ لیتے ہیں۔
پاک بحریہ/ کانفرنس

ای پیپر دی نیشن