کوئٹہ (بیورو رپورٹ) پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے چیئرمین قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 263/265 سے نامزد امیدوار محمود خان اچکزئی نے کہا ہے کہ پشتونخوا میپ کے نامزد امیدواروں کا انتخابی نشان ’’درخت‘‘ ہے اگر پارٹی کا کوئی رکن پارٹی کے ٹکٹ ہولڈرز کے فیصلے کے مدمقابل ہے تو انہیں پارٹی سے چلے جانا چاہیے، پارٹی باہمی مشاورت سے لازمی طور پر تادیبی کارروائی کریگی، پارٹی پرچم کی بے حرمتی کسی صورت برداشت نہیں کرینگے، خطے میں جنگ کی صورتحال مسلط ہے سب کو ہوش کے ناخن لینے ہونگے، اگر ہمارے بچوں کو شہید کیا گیا تو ہم سیاست کو خیرباد کہنے پر مجبور ہونگے اور پھر وہاں تک جائینگے جہاں اس کی منصوبہ بندی ہوئی تھی، عوام کی طاقت خدا کی طاقت ہے، تمام اقوام کو ان کی قومی حقوق کی ضمانت دے تب یہ ملک قیامت تک چلے گا، ڈیورنڈ لائن کا ٹھیکہ لینا میرے لئے اپنی ماں کا سودا کرنے کے مترادف ہے، بیش بہا قدرتی وسائل ہونے کے باوجود پشتون ملک اور دنیا بھر میں مسافرانہ زندگی گزار رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتون مینہ اور پشتون درہ علاقائی یونٹوں کے زیر اہتمام انتخابی جرگے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔