ہیلی کاپٹرز کی خریداری، پاک ترکی معاہدہ کو حتمی شکل دیدی گئی

انقرہ (صباح نیوز) پاکستان اور ترکی کے درمیان جدید لڑاکا ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے معاہدے کو حتمی شکل دے دی گئی۔ ترک میڈیا کے مطابق پاکستان نے ترکی سے جدید ترین جنگی ٹی-129 ہیلی کاپٹرز کی خریداری کے لئے دلچسپی ظاہر کی تھی اور اس سلسلے میں پاکستان کی وزارت دفاع کے حکام اور ترکش ایرو اسپیس انڈسٹریز کے مابین مذاکرات ہوئے میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹرز کی خریداری کا یہ معاہدہ اسلام آباد اور انقرہ کے مابین دفاعی تعلقات اور دوطرفہ عسکری تعاون کی نئی سمتوں کا تعین کررہا ہے۔ معاہدے کے تحت ترکی مرحلہ وار پانچ برس میں یہ ہیلی کاپٹرز پاکستان کو فراہم کرے گا جبکہ یہ معاہدہ ترکی کی دفاعی صنعت کا اب تک سب سے بڑا برآمدی معاہدے ہے۔ٹی 129 فضائی حدود کی حفاظت اور ملکی دفاع کے لئے عہد حاضر کا ایک جدید اور انتہائی کارآمد ہیلی کاپٹر ہے۔ دو انجن والا یہ ہیلی کاپٹر دو نشستوں پر مشتمل ہے جوکہ خصوصی طور پر حملے، تیز رفتاری اور دشمن کی جاسوسی کے لئے ڈیزائن کیا گیا ہے۔نومبر 2017 ء میں اس وقت کے وزیربرائے دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے ترکی کے خبررساں ادارے کو انٹرویو میں کہا تھا کہ ہم ترکی سے 30 جدید ہیلی کاپٹر اور 4 بحری جہاز خریدنے کی منصوبہ بندی کررہے ہیں۔ ترکی کے دورہ کے دوران وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے ٹی 129 اے ٹی اے کے ہیلی کاپٹر کی آزمائشی پرواز کا مشاہدہ و تجزیہ کیا تھا جس میں انہوں نے اسے جلد سے جلد پاک فوج میں شامل کرنے کی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

ای پیپر دی نیشن