ملک کو میدان جنگ بنا دیا گیا‘ وزیراعلی پنجاب کو ہٹایا جائے : نوازشریف

ابو ظہبی+لاہور (صباح نیوز+خصوصی رپورٹر) سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا گیا ہے، جگہ جگہ پر رکاوٹیں کھڑی کی گئیں اور لوگوں کے راستے روکے گئے۔ پاکستان روانگی سے قبل ابوظہبی ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بہت سہہ لیا اور بہت برداشت کرلیا، 70 برس کوئی تھوڑی مدت نہیں ہوتی، ملک کو 70 سال میں کیا ملا، آج اس قوم کو رسوا کیا جارہا جبکہ یہ قوم رسوا ہونے والی نہیں ہے۔ لوگوں میں جوش و خروش ہے لیکن سینکڑوں افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے اور یہ پیغام دیا گیا کہ وہ ایئرپورٹ نہ جائیں۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات میں صرف 10 دن رہ گئے ہیں، کیا انتخابات سے قبل اس طرح ہوتا ہے؟ اس سے انتخابات کی کیا ساکھ رہ جائے گی، اگر انتخابات کی ساخت ہی نہیں ہے تو نتائج کون تسلیم کرے گا۔ سابق وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ مجھے 10 اور مریم نواز کو 7 سال قید کی سزا دی گئی لیکن میں ایک مقصد کے لیے پاکستان آیا ہوں، مجھے پاکستان اور اپنی قوم پیاری ہے اور آنے والی نسلوں کا مجھ پر قرض ہے۔ میں اپنی اہلیہ کو ہسپتال میں چھوڑ کر پاکستان آیا ہوں لیکن ان لوگوں نے پاکستان کو میدان جنگ بنا دیا، سینکڑوں کارکنوں کو گرفتار کیا گیا، اس سارے عمل پر نگران وزیراعلیٰ پنجاب کو مستعفی ہو جانا چاہئے یا انہیں ہٹا دینا چاہئے۔
نواز شریف

ای پیپر دی نیشن