لاہور+ اسلام آباد (خبر نگار+ نمائندہ خصوصی+ ایجنسیاں) لاہور ائرپورٹ پر بلاول بھٹو کے جہاز کو اڑنے سے روک دیا گیا۔ بلاول بھٹو زرداری بذریعہ سڑک پشاور چلے گئے۔ ترجمان پیپلز پارٹی سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ چیئرمن پی پی پی کو لاہور سے پشاور جانا تھا۔ کچھ دیر پہلے عمران خان کا جہاز جانے دیا گیا مگر سول ایوی ایشن نے لاڈلے کو جانے دیا اور بلاول بھٹو کو روک دیا۔ یاد رکھیں رکاوٹیں ہمارا راستہ نہیں روک سکتیں، ہماری جدوجہد نہیں رکے گی۔ نگران حکومت اور انتظامیہ کا رویہ لاڈلے کے ساتھ اور پی پی پی اور دیگر جماعتوں کے ساتھ اور ہے۔ عمران خان کے جہاز کو روانگی کی اجازت دے کر بلاول بھٹو کے جہاز کو روک دینا کہاں کا انصاف ہے۔ الیکشن کمشن ان رکاوٹوں کا نوٹس لے ۔ پاکستان پیپلزپارٹی فیڈرل کونسل کے رکن چودھری منور انجم نے بلاول بھٹو کے جہاز کو لاہور ائرپورٹ کی انتظامیہ کی طرف سے روکنے والے عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کی ہے۔ ایک ٹویٹ میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پُرامن احتجاج جمہوری امن کےلئے سب کا حق ہے، نوازشریف کی نیب کورٹ کی طرف سے سزا کے بعدگرفتاری تو سمجھ میں آتی ہے مگر کارکنوں اور امیدواروں کی گرفتاریاں سمجھ سے بالاتر ہیں، کٹھ پتلی وزیراعظم کو لاہور ائرپورٹ سے جانے دیا گیا لیکن ہمیں روک دیا گیا۔ پُرامن احتجاج جمہوری امن کےلئے سب کا حق ہے۔ علاوہ ازیں بلاول کو روکے جانے کیخلاف شیری رحمن نے الیکشن کمشن کو خط لکھ کر احتجاج اور نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری پشاور میں بلور ہاﺅس گئے۔ ہارون بلور کے اہلخانہ سے تعزیت کی اور ہارون بلور کی شہادت پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا۔
بلاول روک لیا