لاہور(کامرس رپورٹر)پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کے سینٹرل چیئرمین محمد نعیم بٹ مرکزی راہ نما عاصم رضا احمد چیئرمین پنجاب حبیب الرحمن لغاری اور دیگر راہ نماؤںمیاں محمد ریاض ، چوہدری افتخار احمد مٹو ، حافظ احمد نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ فلور ملز نے تاحال آٹے کے نرخوں میںکوئی اضافہ نہیں کیا، آٹا پرانے نرخوں پر مارکیٹ میں فراہم کیا جارہا ہے۔فلور ملنگ انڈسٹری وزیرِ اعظم پاکستان اور وزیرِ اعلیٰ پنجاب کے وژن کے مطابق عوام کو آٹا مقرر کردہ نرخوں پر فراہم کر رہی ہے۔سیلز ٹیکس کے ماہرین اور ایف بی آرکے حکام کے مطابق گندم کی مصنوعات اور گندم کے چو کر پر سیلز ٹیکس کا نفاذ کیا گیا ہے جس کے بعد گندم کی مصنوعات پر سیلز ٹیکس کا اطلاق ناگزیر ہوجائے گا۔12جولائی کو پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن کی جنرل باڈی کے اجلاس میں مشترکہ طور پر فیصلہ کیا گیا تھا کہ ایف بی آر اس بات کی تحریری طور وضاحت کرے ۔ گندم کے چوکر کو سیلز ٹیکس سے مستثنیٰ قرار دیا جائے، بصورت دیگر 17جولائی2019سے ملک بھر کی فلور ملنگ انڈسٹری علامتی ہڑتال کرے گی۔