کراچی (وقائع نگار)کراچی کے علاقے گلستان جوہر کے نجی اسپتال میں مبینہ غلط انجکشن سے شیر خوار نشوا کی ہلاکت سے متعلق کیس میں نشوا کے والد کے وکیل نے اپنے ہی موکل قیصر علی کو ہرجانے کا نوٹس بھیج دیا۔وکیل منیر احمد کا کہنا ہے کہ نشوا کے والد نے وکلا کے بغیر اسپتال انتظامیہ سے معاہدہ کیا، قیصر علی نے عدالت سے باہر معاہدہ کر کے پورے معاشرے کو مایوس کیا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ قیصر علی نے اسپتال انتظامیہ سے ملاقاتوں اور بات چیت کو وکلا سے بھی خفیہ رکھا، جب کوئی خفیہ ڈیل نہیں کی تو بات چیت کیوں خفیہ رکھی گئی۔وکیل نے دعوی کیا کہ قیصر علی نے ملزمان کو رہائی دلانے کے لیے اسپتال انتظامیہ کا ساتھ دیا، نشوا کے والد کے دباو میں پولیس نے قتل کی دفعات درج کیں اور پھر انہی دفعات کو ختم کرانے کے لیے نشوا کے والد نے وکلا پر دباو ڈالا۔ان کا کہنا تھا کہ اسپتال کو موت بیچنے کا لائسنس قیصر علی کی مدد سے دوبارہ جاری ہوا ہے۔