کراچی(سٹی نیوز)تنظیم ایم کیو ایم پاکستان بحالی کمیٹی کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستارنے کہاہے کہ حکومت ہے یا نہیں کچھ پتہ نہیں چل رہا اور لوگوں کا اعتماد نظام سے اٹھ رہا ہے۔ہفتہ کویہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے ڈاکٹرفاروق ستار نے کہا کہ قومی منظر نامے میں افرا تفری، بے چینی اور بے یقینی نظر آرہی ہے، حکومت ہے یا نہیں کچھ پتہ نہیں چل رہا، لوگوں کا اعتماد اور اعتبار اس حکومت اور نظام سے اٹھ رہا ہے، اگر اس نظام کو بھی کچھ ہوا تو بھی ملک کو نقصان پہنچے گا، وقت آگیا ہے تمام سیاسی جماعتیں سر جوڑ کر بیٹھیں اور کوئی راستہ نکالیں،سب جماعت بیٹھ کر ایک قومی ایجنڈے کو تشکیل دیں، سیاسی جماعتوں کو فی الفور قومی ایجنڈے کی تشکیل عمل میں لانی ہوگی۔انہوں نے کہا کہ بجٹ جیسے تیسے منظور کروایا گیا لیکن اس کا خمیازہ لوگ بھگت رہے ہیں، تاجروں کی ہڑتال ہے جب کہ کاروبار اور صنعتیں بند پڑی ہیں، سیلز ٹیکس ختم کیا جائے اور برآمد پر ٹیکس ہٹایا جائے، سیلز ٹیکس ختم کیا جائے ایکسپورٹ پر ٹیکس ہٹایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی والوں کے لئے بری خبر ہے کہ کے4منصوبے پر کام نہیں ہوگا، کے4منصوبے پر وزیر اعلی نے میٹنگ کی تھی، خالد مقبول صدیقی پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں مگر عوام کے مسائل کو بھی اجاگر کریں۔