صنعاء ،اسلام آباد (انٹرنیشنل ڈیسک+ این این آئی+سٹاف رپورٹر) یمن میں حوثی باغیوں نے سعودی شہر جازان میں خام تیل کی ایک اہم تنصیب پر ڈرون اور میزائل حملہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ پاکستان نے مذمت کی ہے۔ باغیوں کے ترجمان یحییٰ ساریا نے پیر کو بیان میں کہا کہ تیل کی تنصیب کے علاوہ جازان‘ ابہا اور نجران میں کئی دیگر عسکری تنصیبات کو ایک بڑے حملے میں نشانہ بنایا گیا۔ قبل ازیں پیر کی صبح باغیوں کے خلاف برسرپیکار سعودی عسکری اتحاد نے دعویٰ کیا کہ حوثی باغیوں کو جانب سے چار میزائل اور چھ ڈرون حملے ناکام بنا دیئے گئے ہیں۔ سعودی عسکری اتحاد کے ترجمان کرنل المالکی نے کہا حملے فضا میں ہی ناکام بنائے۔ حوثی جان بوجھ کر شہری آبادی کو نشانہ بنا رہے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا پاکستان سکیورٹی اور جغرافیائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کے خلاف سعودی عرب کی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔