اسلام آباد (سٹاف رپورٹر)حکومت افغانستان کی خصوصی درخواست اور افغانستان کو ٹرانزٹ ٹرید کی سہولت دینے کے لئے پاکستان نے 15 جولائی 2020 سے واہگہ بارڈر کراسنگ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔ افغان برآمدات کی بحالی کے سلسلے میں کرونا وبا سے متعلق تمام احتیاطی تدابیر پر مکمل عمل کیا جائے گا۔ دفتر خارجہ کے مطابق اس اقدام سے پاکستان نے پاک افغان ٹرانزٹ ٹریڈ معاہدہ (اے۔پی۔ٹی۔ٹی۔اے) کے تحت اپنا وعدہ پورا کردیا ہے۔ پاکستان نے کرونا وبا سے پہلے کی طرح دو طرفہ تجارت اور افغان تجارتی راہداری کے لئے تمام کراسنگ ٹرمینلز بحال کردئیے ہیں۔ پاکستان افغانستان کے ساتھ تجارت سمیت تمام شعبہ جات میں دوطرفہ تعلقات مزید مضبوط بنانے اور اے۔پی۔ٹی۔ٹی۔اے کے تحت افغانستان کے لئے ٹرانزٹ ٹرید کی سہولت کی فراہمی کے عزم پر کاربند ہے۔