ملک و قوم کی سلامتی کیلئے مذہبی طبقوںکورول اداکرناچاہئے: طاہراشرفی

ملتان‘ خانیوال (سماجی رپورٹر‘ نمائندہ نوائے و قت ) اتحاد بین المسلمین کی جتنی آج ضرورت ہے پہلے کبھی نہیں تھی ، ملک و قوم کی سلامتی اور روشن مستقل کیلئے اتحاد و یکجہتی کے فروغ کیلئے علماء کرام اور مذہبی طبقوں کو اپنا رول ادا کرنا چاہئے ، اتحاد کی طاقت سے ہی کفار کی سازشوں کو ناکام بنایا جاسکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین علامہ طاہر محمود اشرفی نے ضلعی صدر مفتی عمر فاروق کی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں اور پاکستان علماء کونسل کے عہدیداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہاکہ انتشار اور فساد پھیلانے والے فتویٰ بازوں کے خلاف کاروائی ہونا چاہئے ۔پاکستان انتہائی نازک دور سے گزر رہا ہے معاشی طور پر کرونا وباء نے کاری ضرب لگائی ہے ملک دشمن قوتیں پاکستان کی جغرافیائی سرحدوں سے خوفزدہ ہوکر اسے غیر مستحکم کرنے کیلئے کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتی ۔ پاکستان علماء کونسل اتحاد بین المسلمین کے عظیم مقاصد کو لے کر ملک کے کونے کونے تک جارہی ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہاکہ مندر کی تعمیر کے حوالے سے اسلامی نظریاتی کونسل جائزہ لے رہی ہے ان کا فیصلہ آنے سے پہلے ہمیں اس پر رائے دینے سے گریز کرنا چاہئے ۔ ملتان سے سماجی رپورٹر کے مطابق تحفظ عزاداری کے چیئرمین و ممبر صوبائی اتحاد بین المسلمین کمیٹی شفقت حسنین کے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان علماء کونسل کے چیئرمین علامہ حافظ محمد طاہر اشرفی نے کہا کہ مدح صحابہ و اہل بیت اور استحکام پاکستان کی تحریک جاری رہے گی اور اتحاد و یکجہتی کے پیغام کو گھر گھر پہنچایا جائے گا۔ عشائیہ سے بزرگ عالم دین علامہ عبدالحق مجاہد‘ علامہ خالد محمود ندیم‘ لاہور کے ممتاز عالم دین علامہ ضیاء اﷲ شاہ بخاری نے بھی خطاب کیا۔ قبل ازیں علامہ حافظ طاہر محمود اشرفی نے الحاج شفقت حسنین بھٹہ کی والدہ کی وفات پر فاتحہ خوانی اور دعائے مغفرت کی۔

ای پیپر دی نیشن