سابق حکمرانوں نے ریفارمز کے نام پر عوام کو دھوکہ دیا: عثمان بزدار

لاہور (نیوز رپورٹر) بزدار حکومت عوامی مسائل کے حل کیلئے جدید انداز میں موثر اقدامات کر رہی ہے۔ وزیراعلیٰ کی ہدایت پر اراضی ریکارڈ سے متعلقہ خدمات عوام کو ان کی دہلیز پر فراہم کرنے کیلئے صوبے میں موبائل اراضی سینٹرز متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ موبائل اراضی سینٹرز شروع کرنے کیلئے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں۔ اس اقدام سے دور دراز علاقوں کے لوگوں کو ان کے گھروں کے قریب زمین سے متعلقہ خدمات ملیں گی اور درخواست گزار کیلئے اب گھر بیٹھے فرد کا اجراء اور انتقال اراضی ممکن ہو سکے گا۔ موبائل اراضی سینٹرز سے خصوصی طور پر بزرگوں، بیمار افراد اور خواتین کو سہولت ملے گی۔ پنجاب میں منفرد اصلاحات کے ذریعے عوام کو ان کا حق واپس کر رہے ہیں۔ اراضی ریکارڈ سسٹم میں ریفارمز برسوں پرانے فرسودہ نظام کی باقیات کا حقیقی معنوں میں خاتمہ کریں گی۔ درخواست گزار 042111222277 پر کال کرکے سہولت سے فائدہ اٹھا سکیں گے۔ ای گورننس کے اس اقدام سے پنجاب میں پٹوار کلچر کا حقیقی طور پر خاتمہ ہوگا۔ ماضی کی حکومتیں ذاتی مفاد کیلئے پٹوار کلچر کو فروغ دیتی رہیں۔ سابق حکمرانوں نے ریفارمز کے نام پر کھوکھلے دعوے اور جھوٹے وعدوں سے عوام کو دھوکہ دیا۔ سردار عثمان بزدار سے بلوچستان کے وزیر صنعت حاجی محمد خان طور اتمن خیل کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں۔ پنجاب کے ساتھ بلوچستان کی ترقی بھی عزیز ہے۔ دونوں صوبوں کے درمیان صنعت و تجارت کو فروغ دیا جائے گا۔ بلوچستان اور پنجاب کی سرحد پر انڈسٹریل زون بنانے کی تجویز کا جائزہ لے رہے ہیں۔ پنجاب حکومت نے خیر سگالی کے طو رپر بلوچستان میں مختلف منصوبے شروع کئے ہیں۔ حکومت پنجاب گوادر میں پنجاب ہاؤس اور تفتان میں زائرین کے لئے سنٹر بنائے گی جبکہ خاران میں حکومت پنجاب کی طرف سے ٹیکنیکل کالج اسی سال مکمل ہو جائے گا۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار سے سابق ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ، ائیروائس مارشل طارق ضیاء اور نئے تعینات ہونے والے ائیر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ائیر کمانڈ، ایئر وائس مارشل ظفر اسلم نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ایئر آفیسر کمانڈنگ سنٹرل ایئر کمانڈ کے عہدے پر احسن انداز میں خدمات سرانجام دینے پر ایئروائس مارشل طارق ضیاء کو خراج تحسین پیش کیا اور ان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔عثمان بزدار نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ بھارتی مظالم مقبوضہ کشمیر کے غیور عوام کے دلوں میں جذبہ حریت کو دبا نہیں سکتے۔ بھارتی افواج نے مقبوضہ کشمیر میں بربریت کی انتہا کر دی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے نہتتے عوام اپنے لہو سے آزادی کی شمع روشن کر رہے ہیں۔ آزادی کشمیری عوام کا حق ہے جو انہیں ہر صورت مل کر رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی ظلم و تشدد سے کشمیری عوام کے دلوں میں آزادی کی تڑپ کو مزید جلا ملی ہے اور بھارت کو یہ بات سمجھ لینی چاہئے کہ بندوق کی نوک پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی جائز جدوجہد کو دبایا نہیں جا سکتا۔

ای پیپر دی نیشن

''درمیانے سیاسی راستے کی تلاش''

سابق ڈپٹی سپیکرقومی اسمبلی پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے وہ کسی دشمن کے زور کی وجہ سے برپا نہیں ہو ئے ہیں بلکہ یہ تمام حالات ...