پاک بحریہ میں نئے جہاز یرموک کی شمولیت: سمندری دفاع مزید مضبوط ہو گا: ایڈمرل ظفر عباسی

اسلام آباد (سٹاف رپورٹر) پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل ظفر محمود عباسی نے بحری بیڑے میں نئے جہاز کی شمولیت کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت ایک اہم سنگ میل ہے۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق پاکستان نیوی کے بحری بیڑے میں نئے سٹیٹ آف دی آرٹ جہاز پی این ایس یرموک کی شمولیت کی تقریب پاکستان نیوی ڈاک یارڈ کراچی میں ہوئی۔ چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل ظفر محمود عباسی تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ انہوں نے کہا کہ پی این ایس یرموک کی بحری بیڑے میں شمولیت سے ملکی سمندری حدود اور بحری مفادات کا دفاع مزید مضبوط ہو گا۔ نیول چیف نے کہا کہ پاک بحریہ کسی بھی قسم کی جارحیت کا بھرپور جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے۔ ایڈمرل ظفر عباسی نے قلیل وقت میں جہاز کی تعمیر پر ڈامین شپ یارڈ رومانیہ اور پراجیکٹ ٹیم کو سراہا۔ ترجمان پاک بحریہ کے مطابق یہ جنگی جہاز سٹیٹ آف دی آرٹ ویپن اور ڈیفنس سسٹم سے لیس ہے۔ پی این ایس یرموک متعدد نیول آپریشنز انجام دینے اور ہیلی کاپٹر اور ڈرون لے جانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔

ای پیپر دی نیشن