لاہور ( پ ر) وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل مولانا قاری حنیف جالندہری نے جامعہ اشرفیہ لاہور میں وفاق المدارس کے امتحانی سینٹر کا تفصیلی دورہ کیا اور اس موقعہ پر جامعہ اشرفیہ لاہور کے مہتمم حضرت مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی سے ملاقات کی اور ملک کی مجموعی صورتحال پر تبادلہ خیال کرتے ہوئے کہا کہ وفاق المدارس العربیہ کا شاندار امتحانی نظام عصری تعلیمی اداروں کیلئے بھی قابل تقلید ہے انہوں نے کہا کہ وزارت تعلیم سمیت تمام اداروں اور یونیورسٹیوں کے ذمہ داران کو دعوت دی جاتی ہے کہ وہ لوگ بھی آکر ہمارے امتحانی سینٹرز کا دورہ کریں جہاں انتہائی پر امن ماحول اور منظم انداز میں تمام تر ’’ایس او پیز‘‘ احتیاطی تدابیر اور حفاظتی اقدامات کے ساتھ امتحان ہورہے ہیں ۔
انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک میں سب سے زیادہ ایس او پیز کی پابندی مساجد میں کی گئیں جس کا اعتراف خود وزیر اعظم پاکستان کرچکے ہیں اور اب دینی مدارس میں امتحان کے موقعہ پر بھی سب سے زیادہ ایس او پیز کا خیال کیا جارہا ہے ۔