بارش سے قبل ہی پھلیلی،پریٹ آباد گندے پانی میں ڈوب گیا

Jul 14, 2020

حیدرآباد (نامہ نگار) جمعیت علما پاکستان(نورانی) کے مرکزی ترجمان ڈاکٹر محمد یونس دانش نے کہا ہے کہ بارش سے قبل ہی پھلیلی،پریٹ آباد سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب چکاہے اداروں کی چپقلش کے باعث مرزا پاڑہ گندے پانی کی جھیل، پھلیلی بازار،ساگر کالونی،مسلم ٹان،الفضل ٹان، محمدی مسجد ادارالسلام حسینی چوک،المشرق چوک، محمدی مسجد،قبا مسجد چوک،انصاری محلہ، اقبال آباد کے علاقے گندے پانی کے جوہڑوں میں تبدیل ہوچکے ہیں بلدیہ اعلی حیدر آباد، واسا، HDA ڈپٹی کمشنر اور کمشنر حیدرآبادنالوں کی صفائی، سیوریج لائینوں کی درستگی رین ایمرجنسی سیل کے قیام کے بلند وبانگ دعوے کررہے ہیں لیکن عملاحیدرآباد کی چھوٹی نالیوں سے لیکر بڑے نالوں اور سیوریج سسٹم مکمل طور پر تباہ ہو چکا ہے۔انہوں نے کہا کہ اداروں کے درمیان کورڈنیشن نہ ہونے کے سبب ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کیلئے مصنوعی طریقے سے سیوریج لائینوں کو بلاک کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے مرزا پاڑا گندے پانی کی جھیل اور پھلیلی پریٹ آباد کے گنجان آبادی والے علاقے گندے پانی کے جوہڑوں کی منظر کشی کررہے ہیں لیکن افسوس صوبائی حکومت اور حیدرآباد کے کرتا دھرتا اداروں کے ذمہ داران کے کانوں پر کوئی جوں نہیں رینگ رہی بلکہ شہر حیدرآباد کو سیوریج سسٹم کی تباہ کے باعث غلاظت کے ڈھیر میں تبدیل کردیا گیاانہوں نے گورنر سندھ عمران اسماعیل،وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ سے فوری ایکشن لینے کا مطالبہ کرتے ہوئے سندھ کے دوسرے بڑے شہر حیدرآباد کو تباہ کرنے والے ذمہ دار افسران کے خلاف فوری کاروائی کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ کاغذی بیانات اور فائیلوں کا پیٹ بھر کے نمود نمائش مٹنگوں کے ذریعہ سب اچھا ہے کا راگ لاپنے میں مصروف افسران کے خلاف ایکشن لیا جائے اگر24گھنٹے میں صحت صفائی اور سیوریج پانی کی نکاسی کے مسئلہ کو حل نہیں کیا تو جمعیت علما پاکستان ہر فورم پر صدائے احتجاج بلند کرے گی۔

مزیدخبریں