اسلام آباد (نمائندہ نوائے وقت) نیشنل ہائی ویز اینڈ موٹر وے پولیس نے مون سون کی بارشوں کے دوران قومی شاہراہوں اور موٹر ویز پر سفر کرنے والے صارفین کے لئے خصوصی احتیاط برتنے کی ایڈوائزری جاری کر دی ہے- موٹروے پولیس کے ترجمان کی طرف سے جاری ایڈوائزری میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ موسمیات نے شدید طوفان باد و باراں کی پیشنگوئی کی ہے، اس انتباہ کے پیش نظر روڈ صارفین سے گذارش ہے کہ ڈرائیونگ کے دوران درج ذیل ہدایات پر عمل کریں- ترجمان نے کہا کہ موسمی صورتحال کے پیش نظر اور محفوظ سفر کو یقینی بنانے کے لئے موٹر وے پولیس کی جانب سے یہ ایڈوائزری جاری کی جا رہی ہے- شہریوں سے گزارش ہے کہ خراب موسم کے دوران غیرضروری سفر سے گریز کریں اور بارش کے دوران ان ہدایات پر عمل کریں- دوران بارش گاڑی کی رفتار کم رکھیں، خشک سڑک کی نسبت گیلی سڑک پر رْکنے میں زیادہ وقت لگتا ہے، اس لئے اگلی گاڑی سے درمیانی فاصلہ زیادہ رکھیں.گاڑی کے اگلے اور پچھلے شیشے صاف رکھیں، سفر شروع کرنے سے پہلے ہیلپ لائن 130 سے مدد لیں تاکہ کسی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے- ترجمان موٹروے پولیس نے مزید کہا کہ موبائل فون ایپلی کیشن "این ایچ ایم پی ہمسفر" میں تازہ ترین ٹریول ایڈوائزری جاری کی جا رہی ہے، سفر شروع کرنے سے پہلے اور دوران سفر ایپلی کیشن کا استعمال مفید ثابت ہوسکتا ہے۔