اسلام آباد (نامہ نگار)پاکستان بوائز سکاوٹس کے فنڈز سے جعلی دستخطوں سے فنڈز میں خرد برد کا انکشاف، صوبائی چیف کمشنر نے آڈٹ کا حکم دے دیا، مبینہ کرپشن کا سامنا کرنے والے سیکرٹری اسلام آباد بوائز اسکاوٹس عبدالحی شیخ نے استعفی دے دیا، وزارت تعلیم نے وفاقی نظامتِ تعلیمات کے ڈائریکٹر کو سیکرٹری بوائز اسکاوٹس کا اضافی چارج دے دیا، دستیاب دستاویز کے مطابق پاکستان بوائز اسکاوٹس کے اکاوئنٹس سے گزشتہ ماہ (جون 2020) میں دس چیک جاری کیے گئے جن سے 30 لاکھ سے زائد کی رقم نکلوائی گئی، ابتدائی معلومات کے مطابق چیکوں پر خزانچی کے جعلی دستخط کیے گئے، اعزازی خزانچی و چیرمین راولپنڈی تعلیمی بورڈ ڈاکٹر غلام دستگیر نے ان دستخطوں سے لاعلمی کا اظہار کیا جس کے بعد متعلقہ حکام نے نوٹس لیا، بوائز اسکاوٹس کے سابق سیکرٹری عبدالحی شیخ نے " خرابی صحت" کے باعث استعفی دے دیا ہے جس کے بعد وفاقی وزارت تعلیم نے فیڈرل ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے ڈائریکٹر کو سیکرٹری بوائز اسکاوٹس کا اضافی چارج دے دیا گیا ہے، صوبائی چیف کمشنر بوائز اسکاوٹس حسنات احمد قریشی نے چیف کمشنر کومبینہ کرپشن کی انکوائری کے بعد گزشتہ سال کا آڈٹ کروانے کی بھی درخواست کی ہے، رابطہ کرنے پر صوبائی چیف کمشنر نے بتایا کہ معاملہ کی مکمل چھان بین کی جائے گی۔