مظفر آباد (نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور نے بلاول بھٹو زرداری اور مریم نواز پر الزامات کی بوچھاڑ کر دی۔ بھٹو کو غدار اور نواز شریف کو ڈاکو قرار دیدیا۔ آزاد کشمیر کی انتخابی مہم میں ایک بار پھر ووٹ ملنے پر بڑے ترقیاتی پیکیج کا اعلان اور گلگت بلتستان میں کیا گیا اپنا وعدہ بھی یاد دلا دیا۔ ایک ووٹ کی لیڈ پر ایک کروڑ کا پیکیج دینے کا اپنا ہی وعدہ بھی یاد دلایا اور کہا کہ آپ جو مانگ رہے ہیں اس سے کہیں زیادہ ہی ملے گا۔ علی امین گنڈا پور نے جلسہ سے خطاب میں کہا کہ یہ بلو رانی تیرے گناہوں کی سزا ہے۔ یہ وہی بھٹو ہے کہ جب سمجھ گیا کہ وہ نہیں رہ سکتا تو وزیراعظم کی کرسی کیلئے ادھر تم ادھر ہم کا نعرہ لگایا اور غدار نے ملک کو توڑ دیا۔ نواز شریف ایک ڈاکو ہے اس کی بیٹی آج کہتی ہے میں کشمیری ہوں۔ وہ نواز شریف ڈاکو کی بیٹی ہے۔ یہ ڈاکو رانی ہمارے ساتھ مزید دھوکے نہیں کر سکتی۔ ہم لوگ کشمیریوں کو دھوکہ نہیں دے سکتے۔ گلگت بلتستان کو 370 ارب کا پیکیج دے چکے ہیں۔ اپنا وعدہ پورا کرتے ہیں ۔خطاب کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ سیاسی مخالفین کا وقت سے پہلے ہی دھاندلی کا شور سمجھ سے باہر ہے، ان کے اپنے کرتوت ہی ان کی شکست کا سبب بنیں گے، تین چار باریاں لینے والوں نے عوام کیلئے کچھ نہیں کیا۔ کیا 4 باریاں لینے والوں نے ہسپتالوں میں سہولتیں دیں؟۔ وزیراعظم آزاد کشمیر ن لیگ کا ہے، دھاندلی کیسے ہوگی؟ نااہل نواز شریف مردہ وزیراعظم تھے۔ آپ نے بھارت میں حریت رہنماؤں کی جگہ اداکاروں سے ملاقات کی، 25 جولائی کو تحریک انصاف بھاری اکثریت سے کامیاب ہوگی۔
بھٹو غدار نے ملک توڑا، نواز شریف ڈاکو : علی امین گنڈا پور
Jul 14, 2021