تیرہویں مہینے بھی ترسیلات ِزر کی مد میں  2 ارب ڈالر سے زائد آنے کا ریکارڈ

Jul 14, 2021

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی)کارکنوں کی ترسیلات ِزر کی مد میں 2 ارب ڈالر سے زائد آنے کا ریکارڈ مسلسل تیرہویں مہینے جاری رہا اور جون 2021ء میں تقریباً 2.7 ارب ڈالر (9 فیصد نمو (سال بسال) اور 8 فیصد نمو (ماہ بماہ)) کی رقم آئی۔ عید سے قبل کے زمانے کی  رقوم کی آمد سے جون کے دوران ترسیلات ِزر مزید بڑھنے میں مدد ملی۔مجموعی بنیاد پر ترسیلات ِزر مالی سال 21ء میں 29.4 ارب ڈالر کی سالانہ تاریخی سطح تک پہنچ گئیں۔ اس سے گذشتہ سال کے مشکل عالمی معاشی حالات کے باوجود ملک کی بیرونی شعبے کی پوزیشن بہتر کرنے میں مدد ملی ہے۔ مالی سال 21ء  میں پچھلے برس کی نسبت ترسیلات ِزر میں 27 فیصد کی نمایاں نمو دیکھی گئی جو مالی سال 03ء سے اب تک اضافے کی تیز ترین شرح ہے۔مالی سال 21ء کے دوران ترسیلات ِزر زیادہ تر سعودی عرب (7.7 ارب ڈالر)، متحدہ عرب امارات (6.1 ارب ڈالر)، برطانیہ (4.1 ارب ڈالر) اور امریکہ (2.7 ارب ڈالر) سے آئیں۔

مزیدخبریں