حافظ  آباد: 6  سالہ بچی زیادتی کے بعد قتل،  ملزم گرفتار، وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کر لی

Jul 14, 2021

حافظ آباد،پنڈی بھٹیاں‘ لاہور (نمائندہ نوائے وقت+ نمائندہ خصوصی +نامہ نگار+نیوز رپورٹر) حافظ آباد میں درندہ صفت شخص نے چھ سالہ بچی کو اغواء اور زیادتی کے بعد قتل کر دیا۔ ملزم نے مسجد کے قریب دفن کر دیا۔ پولیس نے ملزم کی نشاندہی پرنعش برآمدکر لی۔ پوسٹمارٹم ابتدائی رپورٹ میں بچی سے زیادتی اور جسم پر زخموں کے نشانات پائے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کالیکی میں درندہ صفت ملزم شاہد نے غریب محنت کش محمد یونس کی چھ سالہ بیٹی ثمن (ث ف) جو گھر کے باہر کھیل رہی تھی اسے اغواء کیا۔ مقتولہ کے ورثاء اس کی تلاش کرتے رہے لیکن وہ کہیں سے نہ ملی۔ شک ہونے پر ورثا نے مقامی پولیس کو ملزم کے بارے اطلاع دی جس پر پولیس نے ملزم شاہد کو گرفتارکر لیا۔ مقتولہ کے والد محمد یونس اور قریبی رشتہ داروں   نے کہا کہ ملزم شاہد نے ثمن فاطمہ کو اغواء کیا اور اسے زیادتی کا نشانہ بنانے کے بعد بیدردی سے قتل کیا۔ مقتولہ کی لاش پوسٹمارٹم اور ضروری کارروائی کے لیے ہسپتال منتقل کر دی گئی۔ جبکہ ملزم سے مزید تفتیش کی جا رہی ہے۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال سے مقتولہ کا پوسٹمارٹم مکمل کر لیا گیا جس میں زیادتی اور جسم پر زخموں کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ تاہم ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ بچی کے جسم سے لیے جانے والے نمونے ٹیسٹ کے لیے لاہور لیبارٹری بھجوائے جائینگے۔ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم شاہد کا لاہور سے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کروایا جائیگا۔ دوسری جانب ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر نورش صباء نے ڈی ایچ کیو ہسپتال کا دورہ کیا اور مقتولہ کے ورثاء سے ملاقات کی۔ نورش صباء نے کہا کہ انہیں انصاف فرام کیا جائیگا۔ نواحی قصبہ رسولپور تارڑ میں دو اوباش  افراد نے  مبینہ  طور پر دوسری کلاس کے طالب علم سے زیادتی   کی۔ پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ ریاض احمد ولد منظور احمد عارضہ قلب کے سلسلہ میں چیک اپ  کروانے لاہور گیا ہوا تھا۔ اس دوران گاؤں کے دو اوباش  اسکے آٹھ سالہ بیٹے (س) کو ایک خالی  مکان میں لے گئے۔ جہاں اس کے ساتھ زیادتی کی۔ ادھر وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے 6سالہ بچی کے قتل کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے آر پی او گوجرانوالہ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حکم دیا  متاثرہ خاندان کو ہر قیمت پر انصاف فراہم کیا جائے۔ متاثرہ خاندان سے دلی ہمدردی واظہار تعزیت کیا ہے اور انصاف فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ دریں اثناء  پولیس نے افسوسناک واقعہ میں ملوث دو ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے اور ایک ملزم کو گرفتار کرلیا گیا ہے۔ 

مزیدخبریں