کوٹلی (نمائندہ خصوصی) مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کشمیر کا مقدمہ ہار کر آگئے اور کہتے ہیں میں کیا کروں؟۔ مقبوضہ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں بلکہ کمزور تو عمران خان ہیں جو نہ صرف کمزور ہیں بلکہ بزدل بھی ہیں۔ کوٹلی آزاد کشمیر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے مریم نواز نے کہا کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو کشمیر فروش عمران کے ہاتھوں ضائع نہیں ہونے دیں گے۔ عمران خان نے مقبوضہ کشمیرکو مودی کی جھولی میں پھینک دیا۔ عمران کشمیر دینے کے بعد ڈھٹائی سے یہاں ووٹ مانگنے آ رہے ہیں۔ عمران کشمیر کا مقدمہ ہار کر آ گئے اور کہتے ہیں میں کیا کروں؟۔ مقدمہ ہار کر کہتے ہیں صرف دو منٹ کی خاموشی اختیار کرو۔ پھر کہتے ہیں ہفتے میں ایک بار سوگ منایا کریں گے۔ سوگ تو آپ کے سلیکٹرز کو منانا چاہیے، عوام کیوں منائیں؟۔ کیا نواز شریف کے دور میں بھارت کو یہ جرات ہوئی کہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرے؟۔ آخر عمران کے دور میں ہی بھارت نے کشمیر کو تر نوالہ کیوں سمجھ لیا؟۔ عمران خان یہاں اپنا وزیراعظم اس لیے لانا چاہتے ہیں کیونکہ وہ اسے صوبہ بنانا چاہتے ہیں۔ آپ کشمیر کو صوبہ بنا کر کشمیریوں کی شناخت چھیننا چاہتے ہیں؟۔ نواز شریف کے دور میں مہنگائی کم تھی۔ آج چینی اور خودنی تیل کی قیمتیں آسمان پر ہیں۔ بجلی بھی بہت مہنگی ہے اور وہ بھی نہیں ملتی۔ عوام کے پاس جاتی ہوں تو ایک ہی نعرہ سننے کو ملتا ہے گو عمران خان گو۔ شیر پر مہر لگانے کے لیے 25 جولائی کو کوئی بھی گھر نہیں بیٹھے۔ لوگ اپنے ووٹ کو چوری کرنے کی اجازت نہیں دیں ورنہ ووٹ چور آجائیں گے۔ عمران خان اگر تم نے کشمیر کا ووٹ چوری کیا تو کشمیری اپنے حق کے لیے آخری تک جائیں گے۔ عمران کے وزراء کس منہ سے کشمیر میں جیت کا دعویٰ کر رہے ہیں۔ اس دھرتی پر قدم رکھنے سے پہلے ہی عوام کہہ رہے ہیں گو عمران گو۔ 70 برس میں بھارت کو کشمیر پر تسلط کی ہمت نہیں تھی۔ میری اطلاع کے مطابق بھارتی غیرقانونی قبضے والا کشمیر عمران خان کی اجازت سے بھارت کے پاس گیا۔ عمران خان نے کشمیر کو تین حصوں میں تقسیم کرنے کا منصوبہ دیا۔ مجرم تم ہو۔ کشمیر کا مقدمہ کمزور نہیں، جعلی وزیراعظم کمزور ہے۔ ہر جگہ ایک ہی نعرہ سنا۔ بچہ بچہ کٹ مرے گا۔ کشمیر صوبہ نہیں بنے گا۔ عمران خان 22 کروڑ عوام کا سکون تباہ کرکے بیٹھا ہے۔ جب صبح اٹھتے ہیں تو چینی، گھی، آٹا، پٹرول، بجلی اور گیس مہنگی ہونے کا سنتے ہیں۔ جون اور جولائی میں دس، دس گھنٹے بجلی نہیں آئی۔ آزادکشمیر میں آنے کی تیاری کرنے والے نے عوام کو رمضان میں ایک کلو چینی کیلئے لائنوں میں کھڑا کیا اور بھکاری بنا دیا گیا۔ کیا آپ بھی چینی کے لئے لائن میں لگنا چاہتے ہیں۔ دو کروڑ لوگ غربت کی لکیر سے نیچے چلے گئے۔ آزادکشمیر میں الیکشن چوری کرنے کی کوشش کی گئی تو آخری حد تک جائیں گے۔ قبل ازیں گلپور میں کارکنوں سے خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ گلپور کے شیرو 25 جولائی کو ووٹ شیر کو دینا ہے۔ ووٹ کی حفاظت بھی کرنی ہے اور چوری ہونے سے بچانا ہے۔
کشمیر کا مقدمہ نہیں عمران کمزور صوبہ بناکع چشناخت چھیننا چاہتے : مریم نواز
Jul 14, 2021