نیویارک (این این آئی)عالمی ادارہ صحت نے امیرممالک پر زوردیاکہ وہ ابھی کرونا19ویکسین کی تقویتی خوراک پرزورنہ دیں کیونکہ بہت سے ملکوں میں تو شعبہ طب کے عملہ کے لیے بھی کووِڈ کی ویکسین دستیاب نہیں ہوسکی ہے۔ ڈائریکٹر جنرل ڈبلیو ایچ او نے کہا کہ کرونا سے ہلاکتوں میں ایک مرتبہ پھراضافہ ہوگیا ہے۔ اور اب اس کی ڈیلٹا شکل سے زیادہ افراد متاثر ہورہے ہیں۔ڈیلٹاوائرس تیزی سے پھیل رہا ہے اور اس سے متاثرہ افراد کی تعداد اور ہلاکتیں بڑھتی جارہی ہیں۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ دنیا میں کووِڈ-19 کی ویکسین کی سپلائی بہت زیادہ غیرمنصفانہ اور غیرمساویانہ انداز میں ہورہی ہیں۔بعض ممالک اور خطے ویکسین کی لاکھوں کی تعداد میں خوراکیں اضافی تقویتی انجیکشن لگوانے کے لیے منگوا رہے ہیں جبکہ دوسرے ملکوں میں ابھی طبی عملہ اوراس مہلک وائرس کی زد میں آنے والے افرادکے لیے بھی ویکسین کی خوراکیں مہیا نہیں ہوئی ہیں۔