رابعہ فاروقی کی ادویات کی مہنگی کرنے کے خلاف تحریک التوائے کار،سعدیہ تیمور کی شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت کی قرار داد پنجاب اسمبلی میں جمع 

Jul 14, 2021

لاہور (خصوصی رپورٹر+ خصوصی نامہ نگار)  پنجاب اسمبلی میں ادویات کی قیمتوں میں مزید 11 فیصد اضافہ کے خلاف تحریک التوائے کار جمع کردی گئی۔ تحریک التواء کار مسلم لیگ ن کی رکن پنجاب اسمبلی رابعہ فاروقی نے جمع کروائی۔ جس کے مطابق رواں مالی سال کے دوران ادویات پر اعشاریہ ایک فیصد ٹیکس عائد کردیا، فارماسوٹیکل کا شعبہ بھی ٹیکس جمع کرکے ایف بی آر کو دے گا، اس کی وصولی ایف بی آر کے بجائے ادویہ بنانے، اسے درآمد کرنے والی کمپنیوں اور ڈسٹری بیوٹرز پر ڈالی گئی ہے جس سے ادویات کی قیمتوں میں مزید 11 فیصد اضافہ ہوگا۔ تحریک میں کہا گیا کہ موجودہ حکومت کے دورمیں ان ادویات کی قیمتیں 400 فیصد سے زائد بڑھ چکی ہیں جبکہ کیمسٹ اینڈ ڈرگ ایسوسی ایشن نے نیا ٹیکس اورٹیکس وصولی کا طریقہ کار کو مسترد کر دیا ہے اس کے مطابق حکومت نے مالی سال 21 ،2020 کے دوران ادویات پر 0.1 سے ایک فیصد انکم ٹیکس عائد کیا ہے، جس کی وصولی کی ذمہ داری ایف بی آر کی بجائے ادویات کے سٹاکسٹس اور ڈسٹری بیوٹرز پر ڈالی گئی ہے۔ادھر یوم شہداء کشمیر پر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے مسلم لیگ (ن) کی سعدیہ تیمور نے قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرا دی ہے جس میں کہا گیا کہ پنجاب کا یہ مقدس ایوان یوم شہداء کشمیر پر شہدائے کشمیر کو خراج عقیدت پیش کرتا ہے۔

مزیدخبریں