بینکنگ محتسب نے صارفین کی 14ہزار سے زائد شکایات کو نمٹایا

Jul 14, 2021

کراچی (کامرس رپورٹر )بینکنگ محتسب پاکستان نے رواں سال کی پہلی ششماہی (جنوری تا جون) کے دوران بینکوں کے صارفین کی 14,910شکایات کو  نمٹا تے ہوئے انہیں تیس کروڑ پچپن لاکھ روپے کے زرِتلافی کی ادائیگی ممکن بنائی۔ اِن میں سے تقریباً 99 فیصد ((14,755 شکایات فریقین کے مابین باہمی افہام و تفہیم کے ذریعے نمٹا دی گئیں جبکہ صرف ایک فیصد (155) تنازعات کو باقاعدہ احکامات کے ذریعے حل کیا۔ بینکنگ محتسب پاکستان کے دفتر میں بینکوں کے خلاف موصول ہونے شکایات کی تعداد میں کوئی کمی نہیں دیکھی جارہی ہے۔ اس کا اندازہ اس امر سے لگایا جاسکتا ہے کہ بینکنگ محتسب کو یکم جنوری سے30جون کے دوران قریباً 20,220 نئی شکایات موصول ہوئیں۔ ان میں وہ 13,027 شکایات بھی شامل ہیں جو بینکوں کے خلاف وزیرِاعظم پورٹل پر درج کرائی گئیں۔ رواں سال کی پہلی ششماہی کے دوران بینکنگ محتسب پاکستان کو بینکوں کے خلاف موصول ہونے والی شکایات کی تعداد میں گذشتہ سال کی پہلی ششماہی کے مقابلے میں 81فیصد اضافہ ہوا۔ گذشتہ سال کے اسی عرصے کے دوران بینکوں کے خلاف  11,174 شکایات درج کرائی گئی تھیں۔ 

مزیدخبریں