کراچی ( کامرس رپورٹر )امریکن بزنس کونسل (اے بی سی) نے حکومت کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی سہولت، کاروباری آسانیوں اور معیشت کو ڈیجیٹل بنانے کے لیے اٹھائے گئے اقدامات کا خیر مقدم کیا ہے۔ امریکن بزنس کونسل کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ کونسل کو خوشی ہے کہ حکومت پاکستان نے وفاقی بجٹ 2021-22 کے لیے امریکن بزنس کونسل کی جانب سے ٹیکس گزاروں کی تعداد میں اضافہ کے لیے دی جانے والی سفارشات پر مثبت ردعمل ظاہر کیا ہے۔ امریکن بزنس کونسل کی جانب سے وفاقی حکومت کو جامع مطبوعات کی شکل میں مختلف کٹگریز میں مربوط سفارشات پیش کی گئی تھیں ان میں ٹیکسوں کی اساس کو وسیع کرنے اور ٹیکسوں سے متعلق غلطیوں کو درست کرنے اور کاروباری آسانیاں پیدا کرنے سے متعلق تجاویز شامل تھیں۔کونسل کی ایگزیکٹیو کمیٹی نے حکومت اراکین کے ساتھ اعلیٰ سطح کی ملاقاتیں بھی کیں ان شخصیات میںمیں فیڈرل بورڈ آف ریونیو کے چیئرمین عاصم احمد، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، چیئرمین بورڈ آف انویسٹمنٹ عاطف آر بخاری اور وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود شامل ہیں۔ امریکن بزنس کونسل پاکستان کے صدر آصف پیر کو ایف بی آر کی اناملی کمیٹی کا رکن نامزد کیا گیا ۔ اس کمیٹی کو فنانس بل 2021میں پائی جانے والی تکنیکی اور قانونی پیچیدگیوں کی نشاندہی اور خاتمہ کی ذمہ داری دی گئی تھی۔ امریکن بزنس کونسل کی جانب سے دی جانے والی قابل قدر تجاویز اور کاوشوں کو حکومتی سطح پر سراہا گیا اور انہیں وفاقی بجٹ کا حصہ بنایا گیا۔ ان تجاویز میں ٹرن اوور ٹیکس کی شرح 1.5فیصد سے کم کرکے 1.25فیصد کرنے، سیلز ٹیکس کی پیشگی وصولی، ڈسٹری بیوٹرز پر ود ہولڈنگ ٹیکس کی شرح 2فیصد سے کم کرکے 0.25فیصد کرنے، فروٹ جوسز، سیرپ، اسکواشز واٹر اور چینی کے آمیزش والے پانی پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمہ کے علاوہ ڈیجٰیٹیل لین دین پر مرچنٹ ڈسکائونٹ ریٹ پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی کے خاتمہ کی تجاویز شامل ہیں۔وفاقی بجٹ میں امریکن بزنس کونسل کی تجاویز کو شامل کیے جانے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے امریکن بزنس کونسل کے صدر آصف پیر نے کہا کہ ’’امریکن بزنس کونسل حکومت پاکستان اور سرکاری منصب داروں کی جانب سے دیے گئے وقت اور معاونت کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد، وفاقی وزیر خزانہ شوکت ترین، بورڈ آف انویسٹمنٹ کے چیئرمین عاطف بخاری، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت و سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ امریکن بزنس کونسل نے اس سلسلے میں منعقدہ نشستوں کو اہم بنانے کے لیے امریکی قونصلیٹ Rob Silberstein کا کردار کو بھی سراہا۔امریکن بزنس کونسل کی ٹیم کو پختہ یقین ہے کہ ’’آنے والا وقت بزنس کمیونٹی کے لیے حیران کن امکانات لانے والا ہے اگر حکومت اسی طرح معیشت کو درپیش چیلنجز کے بارے میں تبادلہ خیال کو یقینی بنائے تو گراں قدر مشاورت کے ذریعے معاشی بہتری اور استحکام کے مزید امکانات تلاش کیے جاسکیں گے۔ ہم ٹیکس گزاروں کی سہولت اور ڈیجیٹل اکانومی کے لیے مراعات سے متعلق تجاویز پر عمل درآمدکرنے پر حکومت پاکستان کے شکر گزار ہیں۔