اتحاد امت اولین مشن‘ عصبیت ک ا خاتمہ کریں گے: مولانا عبدالخبیر آزاد 

Jul 14, 2021

کراچی (این این آئی) اتحاد امت اولین مشن ہے جسے پاکستان کے تمام مکاتب فکر کے ساتھ مل کر کامیاب بنائیں گے۔ امت مسلمہ کے اتحاد اور اتفاق سے عصبیت اور منافرت کا خاتمہ کردیں گے۔ دشمنان اسلام کی تمام سازشوں کا قلع قمع کر کے ہی پاکستان کی سلامتی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔ فرقہ واریت اور انتہاپسندی کے خاتمے کے لئے تمام مسالک متحد ہوجائیں۔ ملک کو امن وامان کا گہوارا اور حقیقی اسلامی فلاحی ریاست بنائیں گے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے نارتھ کراچی میں جمعیت قوۃ الاسلام پاکستان کے سربراہ علامہ سید آصف مصطفائی  سے ملاقات کے موقع پر گفتگوکرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر معروف سکالر علامہ شاہ فیروزالدین رحمانی، ذیشان قادری ودیگربھی موجودتھے۔ جمعیت قوۃ الاسلام پاکستان کے سربراہ علامہ سید آصف مصطفائی نے اس موقع پر گفتگوکرتے ہوئے ملک میں امن وامان کے قیام میں افواج پاکستان کی خدمات اور قربانیوں کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کا وطن عزیز میں قیام امن میں کردار لائق تحسین ہے۔ انہوں نے چیئرمین رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد کی کاوشوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے انہیں اپنے تعاون کا بھرپور یقین دلایا۔

مزیدخبریں