لاہور14جولائی:پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ، امیر الدین میڈیکل کالج اور لاہور جنرل ہسپتال کے 3500سے زائد ملازمین اسی ماہ تنخواہوں میں اضافے سے مستفید ہوں گے اور رواں ماہ جولائی کی ادائیگیوں میں 10فیصد ایڈہاک ریلیف شامل کر دیا گیا ہے۔اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر کا کہنا تھا کہ حکومتی احکامات پر من و عن عملدرآمد کیا جا رہا ہے اور عید الضحیٰ سے پہلے اضافہ شدہ تنخواہیں دے دی جائیں گی۔پروفیسر الفرید ظفر نے اس توقع کا اظہار کیا کہ ملازمین بھی زیادہ محنت اور لگن کے ساتھ اپنے فرائض منصبی سر انجام دیں گے اور دکھی انسانیت کی خدمت کے لئے وہ بھرپور کردار اد اکریں گے جو ان کے منصب کا تقاضا ہے۔
پرنسپل پی جی ایم آئی نے مزید کہا کہ میڈیکل کے شعبے سے وابستہ ہر فرد کی ذمہ داری ہے کہ وہ عہد حاضر کے تقاضوں کے مطابق اپنی کارکردگی کو بہتر سے بہتر بنانے کی کوشش کریں،اسی طرح ڈینگی سے لے کر کورونا وبا تک کسی بھی چیلنج سے نمٹنے کے لئے خود کو تیار رکھیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے تمام تر مشکلات کے باوجود تنخواہوں میں اضافہ کر کے سرکاری ملازمین کا بوجھ کم کرنے کی کوشش کی ہے اب ہمارا بھی فرض ہے کہ ہم دی گئی ذمہ داریوں سے احسن انداز میں عہدہ برآ ہوں اور دکھی انسانیت کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں۔