لاہور(سٹی رپورٹر)پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے گذشتہ 2سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی ہے۔قائم مقام ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرمرتضی نے کہاکہ کارکردگی رپورٹ کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی منظوری کے صوبہ بھرمیں گردوں اورجگرکے 920 ٹرانسپلانٹ کئے گئے۔گذشتہ دوسال کے دوران 97بون میرواور 512کورنیاٹرانسپلانٹ کئے گئے اورصوبہ بھرمیں منظوری کے بعد 21سرکاری ونجی ہسپتالوں میں انسانی عضاءکی پیوندکاری جاری ہے۔ڈاکٹرمرتضی نے کہاکہ صوبائی وزیر صحت ڈاکٹریاسمین راشدکے ویڑن کے مطابق پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کو جدیدخطوط پر استوار کیا جارہاہے۔ ابھی تک پنجاب میں 52ٹرانسپلانٹ سرجنزکو رجسٹرکیاگیاہے۔انسانی عضاءکی غیرقانونی خریدوفروخت کے مکروہ دھندے میں ملوث عناصرکوکیفرکردارتک پہنچایاجارہاہے۔ڈاکٹرمرتضی نے مزیدکہاکہ گذشتہ ماہ پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کی کارروائی کے بعد عدالت نے دوملزمان کو قیدکی سزاسنائی ہے۔26ملزمان کے کیسز کے ٹرائلز عدالت میں جاری ہیں۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے انسانی اعضاءکی غیرقانونی خریدوفروخت میں کئی ایجنسٹس،سہولت کاروں اور ڈاکٹرزکے خلاف کارروائی کی ہے۔ڈاکٹرمرتضی نے کہاکہ عوام کی سہولت کی خاطرملتان،راولپنڈی اور فیصل آبادمیں پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی کے سب آفسز قائم کئے گئے ہیں۔جنرل ہسپتال لاہورمیں کیڈاویرک ڈونیشن کیلئے آرگن پروکیورمنٹ سیل قائم کیاگیاہے۔پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے ڈونرزکی باقاعدہ تصدیق کیلئے حال ہی میں نادرا کے ساتھ ایک معاہدہ کیاہے۔
پنجاب ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹیشن اتھارٹی نے گذشتہ 2سال کی کارکردگی رپورٹ جاری کردی
Jul 14, 2021 | 20:45