کاہنہ(نامہ نگار) تھانہ کاہنہ کے علاقہ میں ڈی آئی جی انوسٹی گیشن کی جانب سے لگائی گئی کھلی کچہری میں سائلین نے انویسٹی گیشن ونگ کاہنہ کیخلاف شکایات کے انبار لگادی۔ منشیات کیخلاف جہادگروپ کے چیئرمین ملک عبدالستارنے انویسٹی گیشن ونگ کاہنہ کیخلاف شکایت کی کہ اکثر اہلکار کئی کئی ماہ اور کئی کئی بار یہاں تعینات ہونے کی وجہ منشیات فروشوں کے سہولت کاربن گئے ہیں جبکہ موجودہ انچارج انویسٹی گیشن ونگ کاہنہ اعجاز رسول نے کسی بھی منشیات فروش کو سزا نہیں دلوائی بلکہ کئی ایک منشیات فروشوں کو شک کا فائدہ دیکر رہا کروایا۔ قربان نامی شخص نے 2 اہلکاروں پر 70ہزارروپے ہتھیانے کا الزام لگایا۔ یونس گجرنے بتایا کہ انویسٹی گیشن ونگ کے تھانیداروں نے دکانیں کھول رکھی ہیں یہاں صرف رشوت دینے والوں کے حق میں فیصلے دیئے جاتے ہیں جبکہ دیگر سائلین نے بھی انویسٹی گیشن ونگ کاہنہ کی کارکردگی کو مایوس کن قرار دیااور کہا کہ علاقے میں چوروں ڈاکووںاور قبضہ گروپوں نے لوگوں کاجینا حرام کررکھاہے مگر انوسٹی گیشن ونگ انکا سرپرست بناہوا ہے۔اس سلسلہ میں اے ڈی آئی جی محمد عیون مانیکا نے کہا کہ سائلین کی شکایات ڈی آئی جی انوسٹی گیشن لاہورکامران عادل کے سامنے رکھی جائیں گی اور پولیس میں موجود کالی بھیڑوں کیخلاف سخت ایکشن لیا جائیگا۔