لاہور(نامہ نگار) ڈی آئی جی آپریشنز کیپٹن(ر)محمد سہیل چودھری نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف ضمنی انتخابات کا پر امن ماحول میں انعقاد لاہور پولیس کی ذمہ داری ہے جس کو یقینی بنانے کیلئے وسائل بروئے کارلائے جائیں۔انتخابی عمل کو سبوتاژکرنے والے عناصر سے سختی سے نمٹا جائے۔ پولیس افسران الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق پر من و عن عملدرآمد کروائیں۔ ان خیالات کا اظہار سہیل چودھری نے پولیس لائنز قلعہ گجر سنگھ میں ضمنی انتخابات کے حوالہ سے اہم اجلاس کے دوران کیا۔ ایس ایس پی آپریشنزکیپٹن(ر) مستنصر فیروز،ایس پی ہیڈ کوارٹرزمحمد اویس ملک،متعلقہ ایس ڈی پی اوز اورایس ایچ اوزاس موقع پر موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ لاء اینڈ آرڈر، سکیورٹی اور لاجسٹک انتظامات قبل از وقت مکمل کئے جائیں۔جوانوں کے تازہ دم دستے پولنگ سٹیشنز پر تعینات کئے جائیں۔ سہیل چودھری نے کہ سکیورٹی پلان کے مطابق 4 ڈویژنز کے 20 تھانوں میں منعقد ہونے والے ضمنی انتخابات میں 10 ایس پیز سمیت 8 ہزار 783پولیس افسران وجوان فرائض انجام دیں گے اور ضرورت پڑنے پرایلیٹ فورس، ڈولفن، پی آریو،کیو آر ایف، اے آر ایف اضافی نفری بھی فراہم کی جائے گی۔
شفاف ، پر امن انتخابات لاہور پولیس کی ذمہ داری ہے :ڈی آئی جی آپریشنز
Jul 14, 2022