اسلام آباد (خبر نگار)علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی کے وائس چانسلر، پروفیسر ڈاکٹر ضیا القیوم نے گذشتہ روزیونیورسٹی کے ملازمین، آفیسرز اور فیکلٹی ممبران کوعیدالاضحی کے حوالے سے منعقدہ "عید مبارک" تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ کو زیادہ سے زیادہ آسانیاں فراہم کرنے کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی وضع کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے سمسٹر سے ملک بھر میں قائم یونیورسٹی کے علاقائی دفاترکو تمام کورسز کی کتابوں کے سیٹ فراہم کریں گے، ایسے طلبا و طالبات جن کو یونیورسٹی کی جانب سے ارسال کردہ کتب موصول نہ ہوں وہ طلبہ علاقائی دفاتر سے کتب ایک مقررہ وقت کے لئے ادھار حاصل کرسکیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ انرولمنٹ بڑھانے کے اہداف مقرر کریں گے۔، ہر شعبے کو اپنی انرولمنٹ بڑھانے پر خصوصی توجہ دینی ہوگی۔عید مبارک تقریب میں یونیورسٹی کے رجسٹرار، چاروں ڈینز، پرنسپل افسران و اساتذہ کرام موجود تھے۔وائس چانسلر نے سب کو عید مبارک باد کہتے ہوئے کہا کہ عید ہماری روایات کا ایک اہم اور خوبصورت حصہ ہے۔انہوں نے کہا کہ عید خوشی اور مسرت کے اظہار کا دن ہے اور اس کا تقاضا یہ ہے کہ ہم خوشیوں کو اجتماعی طور پر منائیں۔