سکھر( بیورو رپورٹ ) محکمہ جنگلات کی زمینوں پر قبضے کا معاملے پر سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ میں دائر پٹیشنز پر سماعت ہوئی عدالت نے سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی ۔عدالتی زرائع کے مطابق کیس کی سماعت جسٹس نعمت اللہ پھلپوٹو اور جسٹس شمس الدین عباسی پر مشتمل ڈبل بینچ نے کی سماعت کے دوران عدالت نے افسران سے استفسار کیا کے عدالتی احکامات پر کتنا عمل کروایا گیا ہے ، عدالت نے متعلقہ تمام اضلاع کے ایس ایس پیز کو طلب کرتے ہوئے احکامات دیئے کہ آئیندہ سماعت پر ایس ایس پیز خود عدالت میں پیش ہوں محکمہ جنگلات کے افسران نے عدالت سے استدعا کی محکمہ جنگلات نے قبضے چھڑوانے کے لیے رینجرز کو پولیس کے اختیارات دیئے جائیں اور رینجرز کو ایف آئی آر درج کرنے کے بھی اختیارات دیے جائیںجس پر ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل شفیع محمد چانڈیو نے عدالت کو آگاہی دیتے ہوئے کہا کہ یہ اختیارات سندھ حکومت دے سکتی ہے ،اے اے جی سندھ نے عدالت کو بتایا کہ پولیس الیکشن ڈیوٹی میں مصروف ہونے کے باعث عدالتی احکامات پر عمل کرنے میں دشواری پیش آئی ، نیب پراسیکیوٹر مجیب الرحمٰن سومرو نے نیب رپورٹ پیش کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ نیب نے 21 ہزار ایکڑ زمین پر قبضہ ختم کرا لیا ہے باقی 77 ایکڑ زمین پر قبضہ ہے عدالت نے سماعت 11 اگست تک ملتوی کردی۔