کراچی (نیوز رپورٹر) پاکستان مسلم لیگ(ن) سندھ کے صوبائی نائب صدر محمد اعظم خان لوہانی نے کہا ہے کہ عمران خان سمجھتے ہیں کہ ان کی سیاسی بقا ملک کو خانہ جنگی کی طرف لے جانے میں ہے۔ پاکستان میں سری لنکا جیسی صورتحال کا خواب دیکھنے پر عمران خان کو مایوسی ہوگی۔ پاکستان جلد عمران نیازی کے پیدا کردہ معاشی بحران سے نکل آئے گا۔ اعظم لوہانی نے کہا کہ عمران نیازی سیاسی خودکشی کے بعد عملی خود کشی کی طرف گامزن ہیں ۔عوام جلد خوش خبری سنے گی۔عمران خان نے اپنے چار سالہ دور میں عوام کو چور ڈاکو کی گردان میں لگا کر میگا کرپشن کے ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ بشری بی بی‘ فرح گوگی‘ شہزاد اکبر‘ زلفی بخاری‘ ظفر مرزا‘ ثانیہ‘ خسرو بختیار‘ عامر کیانی کے دامن کرپشن کے داغوں سے بھرے ہوئے ہیں۔جب ان کی حقیقت عوام کے سامنے آئے گی تو عوام کو دن میں تارے نظر آجائیں گے۔ اعظم لوہانی نے مزید کہا کہ 17جولائی کو پنجاب کے عوام(ن) لیگ کو ووٹ دیکر عمران خان کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ٹھونک کر نیازی کی سیاست ہمیشہ کے لیئے دفن کر دیں گے۔ عمران خان کا آخری ٹھکانہ اب وزیر اعظم ہاؤس نہیں اڈیالہ جیل ہے جہاں وہ اور اس کا کرپٹ ٹولہ اپنے گھناؤنے اعمال کی سزا بھگتے گا۔
نیازی سیاسی خودکشی کے بعد عملی خود کشی کیطرف گامزن ‘ اعظم لوہانی
Jul 14, 2022