10برس سے تنخواہوں سے محروم کراچی ریجن کے 850 اساتذہ کی اسکروٹنی کا عمل مکمل

Jul 14, 2022


کراچی (نیوز رپورٹر) محکمہ اسکول ایجوکیشن نے عدالتی احکامات پر 10برسوں سے تنخواہوں سے محروم کراچی ریجن کے 850سے زائد اساتذہ کی اسکروٹنی کا عمل مکمل کر لیا جس کے بعدمحکمہ اسکول نے اساتذہ کے تعلیمی و پروفیشنل دستاویزات اور ڈومیسائل و پی آر سی تصدیق کیلئے متعلقہ ادارو ں کو بھیجنا کرنا شروع کر دی ہے ،اداروں سے تصدیق کے بعد محکمہ اسکول ایجوکیشن رپورٹ آئندہ ماہ اگست میں سپریم کورٹ آف پاکستان میں پیش کریگا۔مذکورہ اساتذہ سال2012 ء کے دوران سابق وزیر تعلیم پیر مظہر الحق کے دور میں محکمہ اسکول ایجوکیشن میں بھرتی کئے گئے تھے۔بتایا جاتا ہے کہ تنخواہیں نہ ملنے پر عدالت سے رجوع کرنے والے کراچی ریجن کے850سے زائد اساتذہ کی اسکروٹنی کے عمل کی نگرانی سیکریٹری اسکول غلام اکبر لغاری نے خود کی تھی۔ اسکروٹنی کے عمل کے دوران کمیٹی نے اساتذہ کے تعلیمی پروفیشنل اسناد کی چھان بین کی اور اساتذہ سے ضروری دستاویزات کی نقول بھی وصول کی۔ذرائع نے بتایا کہ محکمہ اسکول ایجوکیشن نے اس سے قبل بھی کئی بار اساتذہ کی اسکروٹنی کی تھی مگر آج تک رپورٹ منظر عام پر نہ آ سکی اور اسکروٹنی رپورٹ سرد خانے کے نذر ہو گئی تھی۔

مزیدخبریں