جھنگ، لاہور (نوائے وقت رپورٹ+ آئی این پی) سابق وزیراعظم عمران خان نے جھنگ میں انتخابی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپ کے پاس آیا ہوں کیونکہ ہمارا نمائندہ لوٹا ہو گیا۔ بچے بھی جان چکے ہیں کہ لوٹا کون ہوتا ہے۔ لوٹا وہ ہوتا ہے جو اپنے ضمیر کا سودا کرتا ہے۔ ہم سچ اور حق پر کھڑے ہیں۔ پاکستانی قوم غیرت مند ہے۔ ہم دنیا کے سب سے عظیم لیڈر حضرت محمدؐ کی امیت ہیں۔ ہم کسی کے ساتھ نہیں جھکتے اور اپنے ضمیر کا سودا نہیں کرتے۔ ہمارے نظریاتی لیڈر قائداعظم اور علامہ اقبال تھے۔ لوٹے وہ ہیں جو پیسے لے کر عوام کے ووٹ بیچتے ہیں۔ بائیس کروڑ پاکستانیوں کی حکومت کو گرا لیا گیا۔ ہم عدل و انصاف کے اصول پر نہیں چلے۔ جس کے باعث عظیم قوم نہ سن سکے۔ اتوار کو الیکشن ہمارے ملک کے مستقبل کا فیصلہ کرے گا۔لوٹوں کو ہمیشہ کیلئے دفن کر دیں گے۔ چوروں، امریکیوں کے غلاموں سے ملک کو بچانا ہے۔ دھاندلی زیادہ تر خواتین کے پولنگ سٹیشنوں پرہوتی ہے۔ پی ٹی آئی کی خواتین اس دھاندلی کو رکوائیں۔ ہم سوچ رہے ہیں کہ ن لیگ کے ڈاکوؤں کی دھاندلی سے ووٹ کیسے بچانے ہیں۔ سارا وقت اس پر لگ رہا ہے کہ دھاندلی کیسے روکنی ہے۔ ہم سب نے الیکشن کے دن گھر گھر جا کر لوگوں کو نکالنا ہے۔ہمارا مقابلہ لوگوں اور الیکشن کمشن سے ہے۔ لوٹے پاکستان کیخلاف جات ہیں، ملک سے غداری کرتے ہیں۔ مسٹر ایکس لاہور میں اور مسٹر وائی ملتان میں بیٹھا ہے۔ ہم نے مل کر الیکشن میں ان کو صاف و شفاف الیکشن کرانے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین لانے کی کوشش کی۔ ہمارا مقابلہ شریف خاندان اور ان کے درباریوں سے ہے۔ چیف الیکشن کمشنر مریم اور حمزہ شہباز سے ملتا ہے۔ یہ ریٹرننگ افسران کو پیسے دیتے ہیں، جعلی ووٹ ڈلواتے ہیں۔ ن لیگ نے ایمانداری سے آج تک کوئی کام نہیں کیا۔ مسٹر ایکس بھی تیاری کر رہا ہے۔ اسے حکم ملا ہے۔ ہر طرح چوروں کو جتوانا ہے۔ نوازشریف نے سرکاری بنکوں سے پیسے لے کر 18 فیکٹریاں بنوائیں اور اقتدار میں آ کر پیسے معاف کروا لیئے۔چیف الیکشن کمشنر چھپ چھپ کر حمزہ ککڑی سے ملتا رہا ہے۔ شریف خاندان نے سارا بزنس کرپشن سے بنایا۔ ہم نے ان کو ایسا پھینٹا لگانا ہے کہ یاد رکھیں گے۔ بڑے بڑے ڈاکو ملک پر مسلط کئے گئے۔ ملک میں جو بھی الیکشن ہوتا ہے۔ دھاندلی کی جاتی ہے۔ سندھ میں دھاندلی پر چیف الیکشن کمشنر میں اخلاقی جرأت ہوتی تو مستعفی ہو جاتا۔ جے یو آئی اور ایم کیو ایم نے بھی کہا کہ دھاندلی کی گئی۔ سندھ کا الیکشن کمشنر صوبائی حکومت کا ملازم ہے۔ ان سے پیسے لیتا ہے۔ تیس سال سے سینٹ الیکشن میں پیسہ چلتا ہے۔ سپریم کورٹ کے پاس اوپن ووٹنگ کیلئے گئے۔ سپریم کورٹ نے بھی کہا کہ ووٹ کی نشاندہی ہونی چاہیے۔ افسوس ہے ان لوگوں نے الیکٹرونک مشین نہیں آنے دی۔ ان کے امپائروں کے باوجود ہم نے میچ جتنا ہے۔ الیکشن کمشن نے کچھ نہیں کیا، یوسف رضا گیلانی کا بیٹا ووٹ خریدتے ہوئے پکڑا گیا۔ اتوار کو جب رزلٹ آئے گا تو آپ کے پاس جشن منانے آؤں گا۔دریں اثناء ایک ٹویٹ میں عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان بیلٹ باکس کے ذریعے انقلاب کا مشاہدہ کرنے والا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ بھکر جلسہ اپنی تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ تھا، ضمنی انتخاب کے لیے اتنا بڑا جلسہ ناقابل تصور ہے، چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ حالیہ جوش و خروش بتا رہا ہے کہ پاکستان بیلٹ باکس کے ذریعے انقلاب کا مشاہدہ کرنے والا ہے۔عمران خان نے ضمنی انتخاب کی انتخابی مہم کے اختتام پر لاہور میں تین جلسے کریں گے۔ تینوں جلسے ایک ہی روز پندرہ جولائی کو انتخاب کے حلقوں میں کریں گے۔