کراچی (نیوز رپورٹر+نوائے وقت رپورٹ) کراچی پولیس نے اشتعال انگیز تقریر کے کیس میں سابق وفاقی وزیر بابر غوری کو ضمانت پر رہا کر دیا۔ کراچی کی مقامی عدالت میں بابر غوری کے خلاف اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری کے کیس کی سماعت ہوئی جس میں پولیس نے اپنی رپورٹ جمع کرائی۔ پولیس رپورٹ کے مطابق بابر غوری کو بانی ایم کیو ایم کی اشتعال انگیز تقریر میں سہولت کاری پرگرفتارکیا گیا تھا۔ ملزم کے خلاف 16 جولائی 2015ء کو سائٹ سپر ہائی وے تھانے میں مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس نے اپنی رپورٹ میں بابر غوری کو رہا کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کہا کہ ملزم بابر غوری کے خلاف ٹھوس شواہد نہیں ملے۔ افسران سے ملزم کو ضابطہ فوجداری کے تحت رہا کرنے کی منظوری لی ہے لہٰذا بابر غوری کو ضمانت پر رہا کیا جائے۔ پولیس رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزم سے تفتیش کی گئی ہے، ملزم کو متعدد امراض لاحق ہیں، ملزم بابرغوری شوگر، بلڈپریشر، امراض قلب کے مریض ہیں جب کہ ملزم کے گردے کافی کمزور ہیں۔رہائی کے بعد بابر غوری اپنی اہلیہ کے ہمراہ رات ایئرلائن کی پرواز EK603 سے دبئی روانہ ہو گئے، ذرائع کے مطابق بابر غوری دبئی میں مختصر قیام کے بعد امریکہ روانہ ہو جائیں گے۔