لیہ + کلر سیداں ( نوائے وقت رپورٹ + نامہ نگار) پاکستان مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ لیہ میں 17 جولائی کا ضمنی انتخاب مسلم لیگ (ن) جیت چکی ہے اور مقابلہ کسی گیدڑ سے نہیں بلکہ اس گیدڑ کی لائی ہوئی مہنگائی اور کرپشن سے ہے۔پنجاب کے حلقہ پی پی 282 لیہ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ 17 جولائی کو شیر کا مقابلہ گیدڑ کی لائی ہوئی نالائقی، نااہلی اور مہنگائی سے ہے، انہوں نے کہا کہ شیر کا مقابلہ اس فتنے، انتشار اور فساد سے ہے جس کا نام فتنہ خان ہے۔ پنجاب کا مقابلہ پنجاب دشمن عمران سے ہے جو اسلام آباد سے پنجاب میں آ کر گالم گلوچ کرتا ہے، نواز شریف نے فلاحی منصوبے لگائے جبکہ اس شخص نے تباہی کے منصوبے لگائے، اس لیے یہ فتنہ خان پنجاب کی تباہی کا سب سے بڑا منصوبہ ہے جس کا ماسٹر مائنڈ اس نے فرح گوگی اور بشریٰ پیرنی کو رکھا ہوا تھا اور پنجاب کو لوٹنے کے لیے گھر کی خواتین کو لگایا ہوا تھا۔مریم نواز نے کہا کہ عمران خان اس کو جہاد کا نام دیتا ہے، یہ کیسا جہاد ہے کہ فنڈ اکٹھے کرنے کے لیے اس نے فرح گوگی اور بشریٰ پیرنی کو رکھا ہوا تھا، خیبرپختونخوا میں بارش کے پانی کی وجہ سے ہسپتالوں میں مریضوں کے بیڈ تیر رہے تھے جہاں عمران خان نو برس سے اقتدار میں ہے وہاں لوگ لاوارث بے یارو مددگار بنے ہوئے تھے۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے پاکستان کی ترقی کا سب سے بڑا منصوبہ سی پیک بنایا جس میں چین سے پیسے لے کر ترقی کے منصوبے لگائے اور عمران خان نے گوگی پنکی اکنامک کوریڈور (جی پیک) بنایا، سڑکوں اور آٹے کا پیسہ گیا، چینی اور ترقی کا پیسہ گیا اور بنی گالہ منی گالہ بن گیا۔مریم نواز نے کہا کہ پنجاب نے پہلا فتنہ خان جیسا پہلا ڈاکو دیکھا ہے جو اپنی گھر والیوں سے پنجاب میں ڈاکے ڈلواتا رہا، بنی گالا کو منی گالا کیسے بنانا ہے وہ سب پتہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ایک جلسے میں عمران خان رو رہا تھا لیکن اس کو اس وقت رونا کیوں نہیں آیا جب لوگ چار سال آٹے کے لیے ترستے رہے، چینی کے لیے قطاروں میں کھڑے رہے، لوگ بجلی کے منصوبے بند ہونے کی وجہ سے اذیت میں رہے اس وقت رونا نہیں آیا، روز ڈالر کی قیمت اوپر جاتی تھی، مہنگائی آسمان کو چھوتی تھی تو اس کو رونا نہیں آیا.ان کا کہنا تھا کہ آئی ایم ایف سے معاہدہ کرتے وقت رونا نہیں آیا ۔مریم نواز نے کہا کہ جس فتنہ خان کو چار سال بطور حکمران ایک دن خیال نہیں آیا کہ چینی، آلو، ٹماٹر، پیاز، پیٹرول، ڈیزل کی قیمتیں کتنی ہیں مگر جب حکومت گئی تو وہ اب پرچی میں دیکھ کر لوگوں کو قیمتیں بتا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف نے سمری طلب کرلی ہے، آنے والے چند گھٹوں میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں کم ہوں گی، حمزہ شہباز نے بھی اعلان کیا ہے کہ 100 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے غریب شہریوں کو کبھی بجلی کا بل نہیں آئے گا، مہنگائی کو اب ریورس گیئر لگے گا جبکہ ترقی پانچویں گیئر میں جائے گی۔مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز آج بروز جمعرات کلرسیداں آئیں گی۔ وہ سہ پہر چار بجے چوا روڈ پر ایک انتخابی جلسہ عام سے خطاب کریں گی۔ رات گئے شاہد عباسی نے جلسہ گاہ کا دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسلم لیگ ن کے ڈویژنل صدر ملک ابرار احمد، راجہ جاوید اخلاص، شکیل اعوان، ملک افتخار احمد، محمود شوکت بھٹی، چوہدری محمد جمیل، حافظ عثمان عباسی، راجہ طلال خلیل، حاجی اخلاق حسین، شیخ حسن ریاض، شیخ حسن سرائیکی، مسعود بھٹی اور دیگر بھی موجود تھے۔