ملتان(سپیشل رپورٹر)حکومت پاکستانی زبانوں کی ترقی اور فروغ کیلئے اقدامات کرے اور ابتدائی تعلیم ماں بولی میں دی جائے۔ان خیالات کا اظہار سرائیکستان قومی کونسل کے چیئرمین ظہور دھریجہ نے دھریجہ نگر میں دھریجہ ادبی اکیڈمی کی طرف سے سرائیکی تعلیم میں نمایاں کامیابی کرنیوالی طلباء و طالبات میں تقسیم ایوارڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔نظامت کے فرائض شاہد دھریجہ نے سر انجام دیئے جبکہ پروفیسر نذیر بزمی،جام ساجد سامر جھلن،زاہد جھلن،جام خدا بخش کھونہارا نے خطاب کیا۔ظہور دھریجہ نے کہا کہ قوموں کی ترقی میں زبان کا کردار اہم ہوتا ہے،پاکستان مختلف قوموں کا ملک ہے،ہندوستان کی طرح پاکستان میں بھی ملک کی بڑی زبانوں کو قومی زبانوں کا درجہ دیا جائے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کا تہذیبی اور ثقافتی بحران سیاسی بحران سے زیادہ خطرناک ہے، مشرقی پاکستان کے سانحہ سے سبق حاصل کیا جائے، پاکستانی زبانوں کو احترام دینے ساتھ انکی آئینی حیثیت کو تسلیم کیا جائے، اردو اور انگریزی کے ہم خلاف نہیں مگر انکی ترقی کے نام پر پاکستانی زبانوں کو بلڈوز کرنے کی پالیسی ترک کی جائے۔تقریب میں ایم اے سرائیکی میں نمایاں پوزیشن حاصل کرنیوالی طالبات ریحانہ ایوب، رابعہ خورشید، شائستہ ظہور، سعدیہ خورشید، رفیعہ پروین، صائمہ نصیر،زیب النساء اور ایم سرائیکی کرنے والے طلباء نذیر بزمی، زبیر دھریجہ، سجاد ترک، زاہد منیر، آصف دھریجہ ودیگر کوتعریفی اسناد تقسیم کی گئیں۔