فیصل آباد: الائشوںکے بعد سڑکوں کی دھلائی آپریشن شروع


فیصل آباد (نمائندہ خصوصی) فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے زیراہتمام عیدالاضحی کے موقع پر قربان شدہ جانوروں کی الائشوں کو تیزی سے ٹھکانے لگاکرصفائی آپریشن کے بعد شہر سے گندگی،بدبو اور خون کے دھبوں کا یکسر خاتمہ کرنے کے لئے سڑکوں کا دھلائی آپریشن شروع کردیا گیا ہے۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ایف ڈبلیو ایم سی بلال فیروز جوئیہ نے کریسنٹ گراؤنڈ شیخوپورہ روڈکے باہر سڑک کی دھلائی مہم کا افتتاح کیا۔سی ای او نے عیدصفائی آپریشن کی کامیابی پر کمپنی کے افسران وسٹاف کو مبارک باددی اور کہا کہ ویسٹ ورکرزنے بڑی محنت اور جانفشانی سے فرائض انجام دئیے۔انہوں نے کہا کہ شہراور شہریوں کی خدمت ہمارا اولین مشن ہے اور عید پر شہر کو تعفن اور گندگی سے پاک کرنے کے لئے صفائی آپریشن بڑاٹاسک تھا جسے ویسٹ ورکرز کی بھرپور کوششوں کی بدولت کامیابی سے ہمکنار کیا گیا۔سی ای او نے بتایا کہ کمپنی نے عید کے تینوں ایام میں مجموعی طور پرقربانی کے جانوروں کی19 ہزار 57ٹن الائشیں ڈمپنگ سائٹ پر تلف کیں،عید کے پہلے روز 7591،دوسرے روز 7210 اور تیسرے روز 4156ٹن الائشیں تلف کی گئیں۔انہوں نے بتایاکہ صفائی آپریشن میں 520 بڑی چھوٹی گاڑیوں اور 4 ہزار کے قریب ویسٹ ورکرز نے حصہ لیا۔

ای پیپر دی نیشن