شام‘ داعش کا رہنما ماہر العکال امریکی ڈرون حملے میں ہلاک،قریبی ساتھی زخمی

دمشق(آئی این پی) خانہ جنگی سے متاثرہ ملک شام میں دہشت گرد تنظیم داعش کا رہنما ماہر العکال ایک امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا ہے۔ العکال اس عسکریت پسند تنظیم کے پانچ اعلیٰ ترین رہنماو¿ں میں سے ایک تھا۔امریکی میڈیا کے مطابق امریکی فوج کی مرکزی کمان کی طرف سے جاری کردہ بیان میں بتایا گیا ہے کہ داعش کے اس رہنما کو شمال مغربی شام میں ڈرون حملے میں نشانہ بنایا گیا جس میں اس کا ایک قریبی ساتھی زخمی بھی ہوا ہے۔ بیان کے مطابق اس حملے کے لیے وسیع تر منصوبہ بندی کی گئی تھی اور اس بات کو یقینی بنایا گیا تھا کہ اس آپریشن کو ہر حال میں کامیاب ہونا چاہیے۔ ابتدائی اندازے کے مطابق اس ڈرون حملے میں کوئی عام شہری ہلاک یا زخمی نہیں ہوا۔خبر رساں ایجنسی روئٹرز کے مطابق شام میں داعش کا رہنما ماہر العکال تنظیم کے پانچ اہم ترین کمانڈروں میں سے ایک تھا جس کا بنیادی کام اس دہشت گرد تنظیم کے نیٹ ورک کو شام اور عراق سے باہر تک پھیلانا تھا۔ ماہر العکال کی ہلاکت داعش کے لیے ایک اور بڑا دھچکا ہے جس سے اس شدت پسند تنظیم کی خود کو ایک گوریلا عسکری طاقت کے طور پر مضبوط بنانے کی کوششیں متاثر ہوں گی۔ماضی میں داعش عراق اور شام کے وسیع تر علاقوں پر قابض تھی اور اس نے وہاں اپنی ایک نام نہاد خلافت بھی قائم کر رکھی تھی۔ بعد ازاں اس دہشت گرد تنظیم کے خلاف مربوط بین الاقوامی عسکری کارروائیوں کی وجہ سے یہ کمزور پڑتی چلی گئی اور یہ اپنے زیر اثر وسیع تر علاقوں سے محروم بھی ہوگئی تھی۔اس سے قبل رواں سال فروری میں شام میں ہی داعش کے ایک مرکزی رہنما نے ایک امریکی فوجی آپریشن کے دوران گرفتاری سے بچنے کے لیے خود کو دھماکے سے اڑا دیا تھا۔
امریکی ڈرون حملہ

ای پیپر دی نیشن