ننکانہ صاحب(نامہ نگار خصوصی+ نامہ نگار) مون سون کی بارش نے میونسپل کمیٹی ننکانہ کے بلند و بانگ دعووں کا پول کھول دیا۔ محلہ مالجی‘ کیارہ صاحب ‘ کینڈا کالونی سمیت متعدد علاقے پانی میں ڈوب گئے۔ تفصیلات ننکانہ صاحب میں ہونے والی مون سون کی بارش کے بعد شہر بھر میں نشیبی علاقے زیرآب آگئے۔ گوروبازار‘ ہاوسنگ کالونی روڈ‘ محلہ مال جی‘ کیارہ صاحب ‘ کینڈا کالونی‘ حرا چوک سمیت تمام سڑکیں اور گلیاں ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگیں۔ میونسپل کمیٹی ننکانہ صاحب کے افسر بارش کے دوران فیلڈ میں ہونے کی بجائے مبینہ طور پر دفاتر میں ہی آرام فرماتے اور موسم سے لطف اندوز ہوتے رہے۔ چند افسر فیلڈ میں فوٹوسیشن کے بعد واپس گھروں کوچلے گئے۔ شہری اور سماجی حلقوں نے صورتحال پر شدید احتجاج کرتے وزیراعلیٰ پنجاب سے فوری نوٹس لینے اور ذمہ دران کے خلاف کاروائی کا مطالبہ کیا ہے۔