پارٹی رہنماﺅں سے ملاقاتیں‘ ہر حلقے میں بہترین امیدوار لائیں گے: علیم خان 

لاہور (نیوز رپورٹر) صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹریٹ میں نعمان خان لنگڑیال اور امیر حیدر سنگھا سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں موجودہ سیاسی صورتحال پر غور کیا گیا۔ پارٹی کے مجوزہ منشور، انتخابی حکمت عملی اور دیگر اہم معاملات پر تفصیلی مشاورت کی جبکہ پارٹی کے منشور کے حوالے سے بھی مختلف پہلو زیر غور آئے۔ عبدالعلیم خان نے پارٹی رہنماو¿ں کو مختلف اہم ٹاسک سونپ دیے اور اپنے اپنے اضلاع میں سیاسی سرگرمیوں کے انعقاد اور دیگر رہنماو¿ں سے ملاقاتوں کے بعد اہم اجلاسوں کے انعقاد کا عندیہ دیا جس میں آئندہ کا پارٹی کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ عوام فتنے اور فساد کی سیاست سے مکمل طور پر بدظن ہو چکے۔ قومی سطح پر ہمارا بہت سا وقت پہلے ہی ضائع ہو گیا۔ اب مزید تاخیر کے متحمل نہیں ہو سکتے اور ہمیں ہر حال میں ملک سنوارنا ہو گا۔ نئی سیاسی جماعت ہونے کے باوجود منجھے ہوئے اور تجربہ کار سیاستدان اس جماعت میں شامل ہیں اور انشاءاللہ سینٹرل پنجاب کے علاوہ ہمیں شمالی اور جنوبی پنجاب میں بھی بھرپور پذیرائی ملے گی۔ پارٹی کے امیدوار ہر حلقے سے الیکشن میں حصہ لیں گے اور اچھے انتخابی نتائج کیلئے ہر حلقے سے بہترین امیدوار میدان میں اتاریں گے۔ زراعت اور کسان کی خوشحالی ملک کی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے اس لیے زراعت اور کسان کی خوشحالی استحکام پاکستان پارٹی کے منشور کا اہم جزو ہو گا۔ عام آدمی کو وعدوں اور دلاسوں کے سوا کچھ نہیں ملاجبکہ ہم عوام کو عملی اور مثبت نتائج دیں گے۔ پاکستان روز بروز پیچھے گیا، اکٹھے آزاد ہونے والے ممالک کہیں کے کہیں پہنچ گئے ہیں۔ اور ہمیں بھی اب کسی اور کی طرف دیکھنے کی بجائے اپنے وسائل پر انحصار کرنا ہو گا۔ ملاقاتوں میں نعمان لنگڑیال اور امیر حیدر سنگھا نے پارٹی صدر کو بریفنگ دیتے ہوئے اپنے اپنے اضلاع کی سیاسی صورتحال سے آگاہ کیا۔
علیم خان

ای پیپر دی نیشن