لاہور (نیوز رپورٹر) نگران وزیراعلیٰ محسن نقوی کی زیر صدارت اجلاس میں مقبرہ نور جہاں اور مقبرہ جہانگیر کے پاس گریٹر اقبال پارک کی طرز پر پارک بنانے کی تجویز پر غور کیا گیا اور لاہور کے 12تاریخی دروازوں کی بحالی کے پراجیکٹ کا جائزہ لیا گیا۔ محسن نقوی نے لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کو تاریخی دروازوں کی بحالی کیلئے ٹائم لائن دیتے ہوئے کہا کہ لاہور کے تاریخی دروازوں کو اصل حالت میں بحال کرنے کے لئے جلد از جلد کام شروع کیا جائے اور تاریخی دروازو ں کے ارد گرد تجاوزات کا خاتمہ کیا جائے۔ وزیر اعلی نے بجلی کے تار زیر زمین کرنے کیلئے لیسکو سے رجوع کرنے کی ہدایت کی۔ تاریخی عمارتوں پر وال چاکنگ اور بینرز فوراً ہٹانے کا حکم دیا اور ہدایت کی کہ شاہی قلعہ کے بالمقابل مریم زمانی بیگم مسجد کی بحالی اور تجاوزات ختم کی جائیں۔ لاہور والڈ سٹی اتھارٹی کے ماہرین لاہور کے تاریخی دروازوں کی بحالی کے پراجیکٹ کو حتمی شکل دیں گے اور ٹیکسالی، لوہاری، شاہ عالمی، موچی، اکبری، دہلی، یکی، روشنائی، شیراں والا، مستی گیٹ اور دیگر دروازوں کو مرحلہ وار پروگرام کے تحت اصل حالت میں بحال کیا جائے گا۔ محسن نقوی نے یوم شہدائے کشمیر کے موقع پر پیغام میں کہا ہے کہ 1931 میں ڈوگرہ راج کی بربریت کا نشانہ بننے والے کشمیری شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں۔ نہتے کشمیریوں کو شہید کر کے ڈوگرہ راج نے بدترین فسطائیت کا مظاہرہ کیا۔ 92برس گزرنے کے بعد بھی ڈوگرہ راج کا تسلسل مودی راج کی صورت میں کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے۔ محسن نقوی نے ڈیرہ بگٹی کے علاقے سوئی میں دہشت گردوں کے خلاف آپریشن میں شہید ہونے والے سکیورٹی اہلکاروں کی قربانی کو خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بہادر سپوتوں نے جرات کے ساتھ دہشت گردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنا کر جہنم واصل کیا۔ وزیراعلیٰ نے سیشن کورٹ لاہور میں فائرنگ کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔محسن نقوی نے مزار بی بی پاکدامن کا دورہ کیا، توسیع منصوبہ پر پیشرفت کا جائزہ لیا اور کام کی رفتار تیز کرنے کا حکم دیا۔ انہوں نے 5 روز کے اندر کام کو مکمل کرنے کا ٹاسک بھی دے دیا۔