قومی اثاثوں کو نیلام کرنے کی بجائے عوام کیلئے استعمال کیا: مریم اورنگزیب 

Jul 14, 2023

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ سابق حکومت نے ریڈیو پاکستان اور پی ٹی وی کے اثاثوں کو نیلام کرنے کا منصوبہ بنایا، ہم نے اقتدار میں آ کر قومی اثاثوں کو عوام کے لئے استعمال کیا، انہیں نیلام نہیں کیا۔ سابق وزیر اطلاعات ہر چیز کو بیچ دو کی پالیسی لے کر آئے تھے، ہم نے پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان میں معاشی بحالی کا منصوبہ شروع کیا، پی ٹی وی نے رواں سال ریکارڈ 5.5 ارب روپے کا ریکارڈ منافع کمایا، پی ٹی وی پشاور، ملتان اور کراچی سے علاقائی زبانوں کی نشریات 24 گھنٹے شروع کر دی ہیں، ریڈیو پاکستان میں 12 نئے سٹوڈیوز قائم کئے ہیں، ریڈیو پاکستان کی عمارتوں کی حدود میں عوام کو سستی تفریح کی فراہمی کے لئے نئے سینما ہاﺅسز قائم کئے جا رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے اجلاس میں گفتگو میں کیا۔ وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ پی ٹی وی کی اس آمدن کے پیش نظر ہم نے تمام کنٹریکٹ ملازمین کو ریگولر کیا۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی وی پشاور سینٹر سے علاقائی زبانوں کی نشریات کو 24 گھنٹے کر دیا ہے، اسی طرح پی ٹی وی لاہور کے تمام سٹوڈیوز کو اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ پی ٹی وی ورچوئل کا اسلام آباد سینٹر میں سٹوڈیو قائم کیا گیا ہے جبکہ ملتان میں سرائیکی زبان میں نشریات کو 24 گھنٹے شروع کیا ہے۔ پی ٹی وی اکیڈمی میں پی ٹی وی فلم انسٹیٹیوٹ کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس اکیڈمی میں میڈیا کے افراد کے لئے کورسز شروع کئے جا رہے ہیں۔ حکومت نے پہلی مرتبہ 18۔2017میں فلم پالیسی کی بنیاد رکھی، اس سال بجٹ میں اس پالیسی کے لئے رقم بھی مختص کی گئی۔ فلم پالیسی میں فلم سازوں اور دیگر سٹیک ہولڈرز کے لئے مراعات کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔ فلم واحد صنعت ہے جو ٹیکس فری ہے۔ گزشتہ 14 ماہ کے دوران دن رات محنت کر کے ان منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ہم نے اقتدار میں آ کر قومی اثاثوں کو عوام کے لئے استعمال کیا، ان اثاثوں کو نیلام کرنے کی کوشش نہیں کی

مزیدخبریں