اسلام آباد(وقائع نگار)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی اور سیو دی چلڈرن (ایس سی آئی، یو کے)کے درمیان آفات کے حوالے سے تیاری اور بحالی کے منصوبوں میں شراکت داری کو بڑھانے کے لیے معاہدہ ہوا، معاہدے پر این ڈی ایم اے کے ممبر ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن ادریس محسود اور سیو دی چلڈرن کے کنٹری ڈائریکٹر محمد خرم گوندل نے دستخط کیے۔اس موقع پر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر ملک بھی موجود تھے۔ معاہدے کے تحت این ڈی ایم اور سیو دی چلڈرن آفات کے حوالے سے تیاری اور صلاحتی دائرہ کار میں اضافے کے ساتھ ساتھ آگاہی کی سرگومیوں کے لیے مشترکہ اقدامات کریں گے۔
بچوں کے حوالے سے خصوصی اقدامات بھی ان منصوبوں میں شامل ہو ں گے تاکہ آفات کے خطرات سے ان کو محفوظ رکھا جا سکے۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات سے نمٹنے کے لیے مقامی آبادی کی شمولیت پر زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ آفات کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے موئثر ارلی وارننگ سسٹم ہونا چاہیے۔انہوں نے ہنگامی حالات کے دوران معاونت بڑھانے اور آفات سے نمٹنے کے لیے بہتر تیاری کے لیے فلاحی تنظیموں کی علاقائی سطح پر گروپ بندی کی اہمیت پر بھی زور دیا، محمد خرم گوندل نےNEOC کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ قدرتی آفات کے خطرے میں کمی کے شعبوں میں ہر ممکن تعاون کو یقینی بنایا جائے۔