لاہور(سپورٹس رپورٹر) دفاعی چیمپئن پاکستان شاہینز مینز ایمرجنگ ایشیا کپ میں اپنا پہلا میچ آج جمعہ کو نیپال کیخلاف کھیلیں گے۔ میچ کولمبومیں کھیلا جائیگا۔ پاکستان شاہینز جس کی قیادت محمد حارث کررہے ہیں 17 جولائی کو اپنا دوسرا میچ متحدہ عرب امارات جبکہ 19 جولائی کوتیسرا میچ انڈیا اے کیخلاف ہوگا۔پاکستان شاہینز نے سری لنکا پہنچنے کے بعد کولمبو میں بھی دو روز ٹریننگ کی ہے۔عمیر بن یوسف اور عماد بٹ نے کہا ہے کہ وہ اس ٹورنامنٹ کیلئے تیار ہیں۔ عماد بٹ نے کہا کہ آل راؤنڈر کی ہونے کی وجہ سے انہوں نے ٹریننگ سیشن میں بیٹنگ اور بائولنگ دونوں پر توجہ دی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ دونوں شعبوں میں ٹیم کیلئے اچھا کرسکیں۔ یہ ہم سب کیلئے بہت اہم ٹورنامنٹ ہے۔ان کا یہ کم بیک ہے لہذا وہ اس ٹورنامنٹ سے پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے قومی ٹیم میں واپسی کی کوشش کریں گے۔عمیر بن یوسف نے کہا کہ وہ زمبابوے کے دورے جیسی کارکردگی یہاں بھی دوہرانے کیلئے بہت ْپرجوش ہیں۔ انہوں نے نیٹ میں جو پریکٹس کی ہے اسے وہ میچوں میں بھی بروئے کار لانے کی کوشش کریں گے۔ ہم دفاعی چیمپئن ہونے کا دباؤ خود پر نہیں لیں گے اپنے پلان کو قابل عمل بنانے کی کوشش کریں گے اور کوشش کریں گے کہ یہاں سے فاتح بن کر لوٹیں۔
ایمرجنگ ایشیا کپ : پاکستان شاہینز آج نیپال کیخلاف مدمقابل
Jul 14, 2023