لاہور (آئی این پی ) سیاسی و سماجی شخصیات سمیت سول سوسائٹی اور صحافیوں کے وفد نے جناح ہاؤس کا دورہ کیا، وفد نے 9 مئی کے واقعات کو ناقابل معافی جرم قرار دیا ہے۔ وفد کے شرکا ء کا کہنا تھا کہ آج ہم نے جناح ہاوس کا دورہ کیا تو دیکھ کر انتہائی دکھ ہوا کہ شرپسندوں نے اپنے ہی قائد کے گھر کو کس قدر بری طرح جلایا، پاک افواج اور شہدا کی یادگاروں کی بے حرمتی کرنا کسی بھی لحاظ سے قابلِ معافی جرم نہیں ہے۔ شرکا نے کہا کہ ہم اپنی پاک افواج کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور تاحیات کھڑے رہیں گے، شرپسندوں نے قائد کے گھر لہراتے قومی پرچم اور مسجد کے تقدس کو بھی پامال کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ وفد کے شرکا نے مطالبہ کیا کہ قائد کے گھر تباہی پھیلانے والوں کے خلاف حکومتِ پاکستان اور عدالتوں کو جلد از جلد کارروائی کر کے سخت سزا دینی چاہیے۔